احتساب، دیانت، بچت اور شفافیت پنجاب حکومت کا ایمان ہے:وزیر اعلی کی منتخب نمائندوں سے گفتگو

قومی وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنا کر مختلف پراجیکٹس میں215ارب کی بچت کرکے روشن مثال قائم کی ہے:شہباز شریف عوام بخوبی جان چکے ہیں کہ انکی بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور تخریبی سیاست کون،ترقی کے مخالفین ناکام رہیں گے

بدھ 4 مئی 2016 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی ،خوشحالی اور روشنیوں کے سفر کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن چند سیاسی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر اس سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اور اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔

احتساب، دیانت، بچت اور شفافیت پنجاب حکومت کا ایمان ہے۔سیاسی مخالفین ملکی ترقی روکنے کے درپے ہیں، تاہم پاکستان کی باشعور عوام ایسے عناصر کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے کئی منصوبوں میں کم سے کم بولی دینے والوں سے بات کرکے قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔

(جاری ہے)

ملکی اقتصادیات کو پہنچنے والے اس فائدے کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔وسائل عوام کی امانت ہیں اور ہم یہ امانت دیانت داری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ترقیاتی منصوبوں کی بروقت ، شفاف اور معیاری تکمیل ہماراطرہ امتیاز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلی معیار سے منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے ۔ حکومت نے وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں میرٹ اور شفافیت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں اورپاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وفاقی اور پنجاب حکومت کے توانائی ، ٹرانسپورٹ اور انفرا سٹرکچر کے منصوبوں میں قومی خزانے کے کم از کم 215ارب روپے کی بچت کی گئی ہے اور بچائے گئے یہ وسائل عوام کے لئے صحت ، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کی مزید بہتر فراہمی کے لئے صرف کئے جا رہے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارا دامن کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے -پاکستان کی تاریخ میں آج تک منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے ایک پائی کی بھی بچت نہیں کی گئی لیکن یہ اعزاز بھی وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے کہ حقیقی معنوں میں منصوبوں میں قومی وسائل بچا کر پہلی بار ایک نئے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے پیسے کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنا کر مختلف پراجیکٹس میں کم سے کم بولی دینے والوں کو اربوں روپے کم کرنے پر آمادہ کر کے215ارب کی بچت کی جو روشن مثال قائم کی ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ افرا تفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے ملک اور قوم کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں۔ یہ وہی عناصر ہی جنہوں نے دھرنا سیاست کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا تھا۔ عوام بخوبی جان چکے ہیں کہ انکی بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور تخریبی سیاست کون کر رہا ہے-وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سید جاوید علی شاہ، ذوالفقار علی بھٹی، مہر محمد فیاض اور لیفٹیننٹ کرنل (ر) شجاعت احمد خان شامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :