ٹی اوآرز میں پانامہ لیکس میں شامل سب کے احتساب کا ذکر کیا گیا ہے ، وزیراعظم نے اپنا قانون اور اپنے ٹی اوآرز بتائے، پھر خود کو احتساب کے لئے پیش کیا، حکومت کہہ رہی ہے ہم وزیراعظم کو نشانہ بنارہے ہیں ، حکومت کی جانب سے وزیراعظم کی کرپشن بچاؤ تحریک چل رہی ہے

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 4 مئی 2016 22:12

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکومت کے مطابق ہم وزیراعظم کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، ٹی اوآرز میں پانامہ لیکس میں شامل سب کے احتساب کا ذکر کیا گیا ہے ، وزیراعظم نے اپنا قانون اور اپنے ٹی اوآرز بتائے، پھر خود کو احتساب کے لئے پیش کیا ۔

وہ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن کی طرف سے بنائے گئے ضابطہ کار میں سب کے احتساب کا ذکر ہے مگر حکومت کے مطابق ہم صرف وزیراعظم کو ٹارگٹ کر رہے ہیں ۔ اعتزازاحسن نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنا قانون اور اپنے ٹی اوآرز بنا کر خود کو احتساب کے لئے پیش کیا ۔ حسین نواز نے ثابت کردیا کہ لندن میں ان کے پاس اربوں روپے کی املاک ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وزیراعظم کی کرپشن بچاؤ تحریک چل رہی ہے ۔ دعوے کرتے تھے کہ 60ملین ڈالرز سوئزرلینڈ سے لا کر دکھائیں گے مگر اب اپنے ڈالرز پاکستان واپس لا کر دکھا دیں ۔ سینیٹر اعتزازاحسن نے کہا کہ اپوزیشن متفق ہے اور کرپشن کی تحقیقات کے لئے آغاز اچھا ہو گیا ہے، ضابطہ کار میں230لوگوں سے متعلق لکھا ہے اور ضابطہ کار کے مطابق خریدوفروخت کا بتانا بھی لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حسین نواز نے اپنے والد سے پراپرٹی خرید کر اپنے نام کرائی اور پھر مریم کے نام کر دی ۔ اعتزازاحسن نے کہا کہ اگر اپوزیشن میں کوئی بینک ڈیفالٹر ہے تو حکومت اس کو گرفتار کرے ۔

متعلقہ عنوان :