جاپان خطے میں استحکام کے لئے مثبت کردارادا کرے ، چینی وزارت خارجہ

بدھ 4 مئی 2016 22:10

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء ) چین نے جاپان پر زوردیا ہے امن کے لئے اٹھنے والی آوازوں پر غور کرتے ہوئے خطے کے استحکام کے لئے مثبت کردارادا کیا جائے ۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے بدھ کو معمول کی پریس بریفنگ میں امید ظاہر کی کہ جاپان تاریخ سے سبق سیکھتے اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی عوام کی جانب سے امن کے لئے اٹھنے والی آواز پر غور کرے گا جس پر امن تعمیر وترقی ممکن ہو گی اور خطے کے استحکام کے لئے مثبت کردارادا کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تاریخی طور پر جاپان کے جارحانہ رویہ کے باعث اس کے ایشیائی ہمسایہ ممالک ہمیشہ مختلف معاملات تک تحفظات کا شکار رہتے ہیں ۔انہوں نے جاپانی وزیراعظم شنزو ایب اور وزیرخارجہ فومیو کیشیدہ کی جانب سے جنوبی بحیرہ چین کے حوالے سے دیئے جانے والے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جاپان جان بوجھ کر اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی کوشش کررہا ہے ۔یہ سب پر واضح ہے کہ جاپان نے چین کے جزیروں پر دوسری جنگ عظیم کے دوران غیر قانونی طور پر قبضہ کیا تھا جس کا واضح مطلب ہے کہ جاپان کے ارادے ٹھیک نہیں ۔ انہوں نے جاپان پرزوردیا کہ جاپان جنوبی بحیرہ چین کے معاملہ پر مداخلت سے گریز کرے کیونکہ وہ کسی بھی طرح فریق نہیں ہے ۔