پاکستان اور رومانیہ کے درمیان مضبوط معاشی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،جنوبی ایشیا میں علاقائی رابطوں کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستان بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان میں اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ خطے کے ممالک میں باہمی تجارت کو مزید بڑھاتے ہوئے تجارتی اور معاشی رابطوں کو مضبوط کریں گے، پاک رومانیہ 300 ملین ڈالر کے تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے

رومانیہ کے سفیر ایملین ایان کام ’’میٹ دی پریس‘‘ سے خطاب

بدھ 4 مئی 2016 22:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء) رومانیہ کے سفیر ایملین ایان نے کہا ہے کہ دونوں دوست ممالک کے درمیان مضبوط معاشی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ جنوبی ایشیا میں علاقائی رابطوں کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستان بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ بدھ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ خطے کے ممالک میں باہمی تجارت کو مزید بڑھاتے ہوئے تجارتی اور معاشی رابطوں کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ رومانیہ کا تجارتی حجم تقریباً 300 ملین ڈالر ہے جس کو بڑھانے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں اور دیگر شرکاء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رومانیہ کے سفیر نے مزید کہا کہ رومانیہ نے یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ جی ایس پی پلس کو یقینی بنانے میں پاکستان کی بھرپور مدد کی اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے سفارتی تعلقات کا آغاز 1964ء سے ہوا اور ہم پچھلے دو سالوں میں اس کی گولڈن جوبلی بھی منا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا دفاعی تعاون اور دفاعی پیداوار کے حوالے سے بہت سے معاہدے بھی ہیں اور دونوں ممالک میں جمہوری اداروں کو مضبوطی کے لئے وفود کا تبادلہ بھی ہوتا ہے اور رومانیہ نے پاکستان کے مختلف شہروں میں چار قونصلیٹ قائم کر رکھے ہیں جو رومانیہ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور رومانیہ نے پاکستان میں سیمنٹ کے پانچ پلانٹ کراچی اور کوہاٹ میں لگائے ہیں تاکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

آئندہ دونوں ممالک معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے حکومتی سطح پر بہت اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یورپی یونین کے لئے تعلقات بڑھانے میں رومانیہ بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مشرقی یورپ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کیلئے ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان میں رومانیہ ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد کرواتا ہے جس میں دونوں ممالک کے فنکار مشترکہ طور پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اس باہمی ثقافتی تعلقات کو فروغ ملتا ہے۔

رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ میڈیا کا رائے عامہ ہموار کرنے میں اور پاکستان میڈیا کا لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ہے۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم نے رومانیہ کے سفیر ایملین ایان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان تعاون پر زور دیا۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران یعقوب ڈھلوں نے اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی اور سفارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور انہیں مزید بڑھانے پر زور دیا۔ سیکرٹری فنانس اسحاق چوہدری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کو بڑھایا جائے۔