جے آئی ٹی نے عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم کے بیان کی ویڈیومنظر عام پر آنے کی رپورٹ وزارت داخلہ کو جمع کرا دی

بدھ 4 مئی 2016 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء) ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد شمیم کا جیل سے ویڈیو بیان آنے پر جے آئی ٹی نے وزارت داخلہ کو اپنی رپورٹ جمع کرا دی ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیل عملے کی ملی بھگت سے ملزم کا ویڈیو بیان ریکارڈ ہوا اور ملزم نے اپنی مرضی سے بیان دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے ملزم خالد شمیم کا ویڈیو بیان سامنے آنے کے معاملے کی انکوائری رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیل ریکارڈ کے مطابق خالد شمیم سے ملاقات کیلئے باہر سے کوئی نہیں گیا،جیل عملے کی ملی بھگت سے ملزم کا بیان ریکارڈ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے خالد شمیم کی ویڈیو کی تمام تر ذمہ داری جیل حکام پر ڈال دی ہے