Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر کی ملاقات

بدھ 4 مئی 2016 21:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں امریکہ کے قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈرنے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی بحران سمیت دیگر کئی ایک چیلنجز کا سامنا ہے۔

توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ملک کی ترقی کرتی ہوئی معیشت کیلئے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے توانائی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کی دوستی کثیرالجہتی تعلقات پرمبنی ہے۔

پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف فلاح عامہ کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے شہبازشریف کی قیادت میں غیرمعمولی انداز میں کام ہو رہا ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات