چیلنجز سے نمٹتے ہوئے ترقی کا سفر شروع کیا ہے جس کے انتہائی متاثر کن نتائج سامنے آرہے ہیں ٗاسحاق ڈار

امید ہے ایشیائی ترقیاتی بینک ترقی پذیر رکن ممالک کے لئے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا ٗخطاب

بدھ 4 مئی 2016 21:46

فرینکفرٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چیلنجز سے نمٹتے ہوئے ترقی کا سفر شروع کیا ہے جس کے انتہائی متاثر کن نتائج سامنے آرہے ہیں ٗ پاکستان بہت جلد اعلیٰ پائیدار نمو کی راہ پر گامزن ہو جائیگا ٗ غربت میں کمی اور سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری آئے گی ٗامید ہے ایشیائی ترقیاتی بینک ترقی پذیر رکن ممالک کے لئے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔

وہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس کے پہلے بزنس سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈا کی وجہ سے ملکی معیشت بحال ہوئی ہے، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ نمو کے دیگر شعبوں بالخصوص زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں میں بہتری پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ٗ وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقی کے یہ اشارے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان بہت جلد اعلیٰ پائیدار نمو کی راہ پر گامزن ہو جائے گا جس کے نتیجے میں غربت میں کمی اور سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا دیرینہ اور بااعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے۔ حکومت پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک کی سال 2015ء تا 2019ء کے لئے کنٹری پارٹنر شپ سٹریٹجی کو سراہتی ہے جس میں انفراسٹرکچر کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون اور اتحاد ایشیائی ترقیاتی بینک کی سٹریٹجی 2020ء کے بنیادی ستون ہیں۔

علاقائی رابطے پاکستان کے وژن 2025ء کے سات کلیدی نکات میں شامل ہے اس لئے پاکستان مشرق، مغرب اور وسطی ایشیاء کے خطے میں اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک ترقی پذیر رکن ممالک کے لئے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔ ہم ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مزید وسیع اور مفید تعاون کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان سماجی تحفظ کے نظام پر کامیابی سے عمل کر رہا ہے اور اس سلسلے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جو خطے کا سب سے بڑا پروگرام ہے، کے ذریعے مستحقین کو نقد امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ وزیراعظم کا نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مختلف بین الاقوامی تھنک ٹینکس اور ریسرچ گروپوں نے پاکستان کی متاثر کن کارکردگی کا اعتراف کیا ہے ٗ موڈیز نے ہمارے اکنامک آؤٹ لک کو منفی سے مستحکم کر دیا ہے۔ جاپان کے جیٹرو نے پاکستان کو غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے لئے دوسرا پرکشش ترین ملک قرار دیا ہے۔