اختلافات کو چھوڑ کر اتحاد اور اتفاق کے ساتھ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں تو اﷲ کی خوشنودی حاصل ہوگی ٗوزیر اعظم

شب معراج کا پیغام آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ٗنواز شریف کا شب معراج کے موقع پر قوم کے نام پیغام

بدھ 4 مئی 2016 21:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اختلافات کو چھوڑ کر اتحاد اور اتفاق کے ساتھ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں تو اﷲ کی خوشنودی حاصل ہوگی ٗ شب معراج کا یہ پیغام آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔بدھ کو شب معراج کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 27 رجب المرجب کی رات معراج النبیؐ سے نسبت ہے، واقعہ معراج النبیؐ کو ایک معجزے کی حیثیت حاصل ہے، اس رات اﷲ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ اور پیارے نبیؐ کو زمین سے عرش معلیٰ تک سفر کی آسانی عطاء فرمائی۔

اﷲ کے حکم سے جبرائیلؑ آپؐ کو مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ لے کر آئے اور یہاں سے سدرۃ المنتہیٰ تک لے کر گئے جس کے بعد آپؐ عرش معلیٰ پر اﷲ تعالیٰ کے حضور تشریف لے گئے۔

(جاری ہے)

یہ انسانی تاریخ میں ایک ایسا معجزہ جے جو پوری نوع انسانی کے لئے بہت بڑی بشارت ہے۔ وزیراعظم نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے شب معراج کے حوالے سے شعر کا حوالہ دیا کہ ’’سبق ملا ہے یہ معراج مصطفی سے مجھے۔

۔ کہ عالم بشریت کی زد میں ہے گرووں‘‘۔ وزیراعظم نے کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے معجزہ معراج میں انسانوں کے لئے بہت سے راز کھول دیئے اور انسان کو شب معراج کے حوالے سے یہ سبق دیا کہ اگر انسان اﷲ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر چلے تو اسے قرب الٰہی حاصل ہو سکتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا بتایا ہوا راستہ یہی ہے کہ اس پر قائم رہتے ہوئے باہمی یگانگت، رواداری اور اتفاق سے رہو تو دین و دنیا میں عروج حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شب معراج کا یہ پیغام آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ہم اگر اختلافات کو چھوڑ کر اتحاد و اتفاق کے ساتھ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں تو اﷲ کی خوشنودی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شب معراج کی رات اﷲ کے حضور سجدہ ریز ہو کر وطن عزیز پاکستان کے لئے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔