سیاسی مفادات اپنی جگہ لیکن قومی مفادات کو ہر شے پر مقدم رکھا جائے ‘حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک اقتصادی ترقی کی ٹیک آف پوزیشن پر ہے ‘ایک مضبوط معاشی قوت کے طو رپر ابھر رہا ہے ‘ترقی کا یہ سفر اسی طرح جار ی رہا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ترقیافتہ ملکو ں میں ہوگا

گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کافیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب

بدھ 4 مئی 2016 21:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سیاسی مفادات اپنی جگہ لیکن قومی مفادات کو ہر شے پر مقدم رکھا جائے انہوں نے کہاکہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک اس وقت اقتصادی ترقی کی ٹیک آف پوزیشن پر ہے اور ایک مضبوط معاشی قوت کے طو رپر ابھر رہا ہے انہوں نے کہا ترقی کا یہ سفر اسی طرح جار ی رہا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ترقیافتہ ملکو ں میں ہوگا۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پرکہی۔ ظہرانے میں وفاقی وزیرسیفران لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈعبدالقادر بلوچ،وفاقی وزیر سیکریٹری انڈسٹریزخضر حیات گوندل،صدر فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالروف عالم، چیف ایگزیکٹو ٹریڈڈیویلپمنٹ اتھارٹی ایس ایم منیر، چیئرمین یونائیٹڈبزنس گروپ افتخار علی ملک،سینئر نائب چیئرمین فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ خالد تواب، چیئرمین سیکورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان ،چیئرمین کو آرڈینیشن فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک سہیل حسین ،ملک کے مختلف چیمبرز کے عہدیداروں اور صنعت و تجارت کے شعبے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں صنعت وحرفت کی ترقی اور معاشی استحکام کے لئے صنعتکاروں اور تاجروں کا کردار قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تیزرفتار ترقی اورانفراسٹرکچر کو جدید خطو ط پر استوار کرنے کے لئے اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس مکمل کر رہی ہے اور ایسے قومی پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں جن سے صنعت و تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم ہو رہا ہے۔

گورنر پنجا ب نے کہاکہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت ملک میں ترقی کی شرح تیز ہو رہی ہے اور مختلف شعبوں میں اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجربرداری کے مسائل سے آگاہ ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن سے تاجروں کو نئے صنعتی یونٹس کے قیام اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے بھرپور مواقع میسر آسکیں۔

ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاکہ امن و امان کی بہتری اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور اس مقصد کے لئے پولیس و سیکورٹی ادارے چوکس ہیں اور دہشت گردی کی کاروائیوں پر موثر انداز میں قابو پایا جا رہا ہے انہوں نے اس سلسلے میں افواج پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام اداروں کو مل کر اسی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ان عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے جو منفی سرگرمیوں کے زریعے ملک میں جاری ترقی کا عمل روکنا چاہتے ہیں۔

ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاصنعت و تجارت سے وابستہ افراد نے ملک سے بے روزگاری میں کمی لانے اور ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے کے شاندار خدمات سر انجام دی ہیں اور اقتصادی ترقی کی مضبوط بنیاد فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے ملک پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کے جو پروگرام شروع کئے ہیں ان کے مثبت نتائج ظاہر ہورہے ہیں اورپاک چین اقتصادی راہداری پراجیکٹ جیسے عظیم منصوبے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہیں جس کی بدولت پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور ملک میں بے روزگاری کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل قارد بلوچ نے کہا کہ ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور سرمایہ کاری کے لئے بہترین فضاء موجود ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ صدر فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری عبدالروف، ایس ایم منیر، افتخار علی ملک، شیخ خالدتواب اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی کے لئے تاجر برداری اپنا کردار اسی طرح ادا کرتی رہے گی۔