شام اور عراق پر ہونے والے مظالم کو روکنے کیلئے امت مسلمہ کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا‘شام ، عراق ، فلسطین، کشمیر پر ہونے والے مظالم امت مسلمہ کو متحد ہونے کی دعوت دیتے ہیں، مسجد اقصیٰ میں رسول اﷲ نے انبیا ء کی امامت کی ، آج مسجد اقصیٰ یہود و نصاریٰ کے قبضہ میں ہے

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا معراج مصطفی ؐکانفرنس سے خطاب

بدھ 4 مئی 2016 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ شام اور عراق پر ہونے والے مظالم کو روکنے کیلئے امت مسلمہ کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، بے گناہ انسانیت کے قتل عام پر بعض مسلم ممالک کا کردار قابل مذمت ہے ،پاکستان علماء کونسل شام ، عراق ، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 06 مئی کو گلبرگ لاہور میں ’’ندائے مسلم کانفرنس‘‘ کرے گی۔

وہ بدھ کو جامعہ مسجد خلفاء راشدین لاہور میں معراج مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، مولانا عبد القیوم، قاری عبد الحکیم اطہر، مولانا محمد اسلم ، مفتی ریاض جمیل ، حافظ شعیب الرحمن اور مولانا اسد اﷲ فاروق نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شام ، عراق ، فلسطین، کشمیر پر ہونے والے مظالم امت مسلمہ کو متحد ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

مسجد اقصیٰ میں رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے انبیاءؑ کی امامت کی ، آج مسجد اقصیٰ یہود و نصاریٰ کے قبضہ میں ہے۔ فلسطین ، کشمیر ، شام اور عراق کے بچے شب و روز قتل ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں مسلمانوں کو بیداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ مسلمانوں کو بیدار کرنے کیلئے علماء ، خطباء اور آئمہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شام اور عراق کے بعد پاکستان کے اندر ہندوستان ، افغانستان اور ایران کے خفیہ اداروں کی مداخلت پوری پاکستانی قوم کو متحد ہونے کی دعوت دیتی ہے۔

حکومت پاکستان عزیر بلوچ اور ہندوستانی را ء کے ایجنٹ کلبھوشن سنگھ کے بیانات کی روشنی میں ہندوستان اور ایران کی حکومت سے بات چیت کرے اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کرنے والے عناصر کی سرکوبی کیلئے ہندوستان اور ایران سے ہر قسم کی مصلحتوں اور مفادات سے بالا تر ہو کر بات چیت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ معراج مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم ہمیں حرمین شریفین اور الاقصیٰ کے ساتھ محبت کا درس دیتی ہے۔

ہمیں الاقصیٰ کی آزادی اور حرمین الشریفین کی آزادی کیلئے ہر ہر لمحہ اپنے آپ کو تیار رکھنا ہے۔پاکستان علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ مرزا غلام قادیانی نے معراج کا انکار کیا۔ آج پاکستان کے اندر قادیانیوں کی غیر قانونی سر گرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پر ایکشن لینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :