پنجاب آئی ٹی بورڈخدمت کارڈ سکیم کی کامیابی میں فعال کردار ادا کر رہا ہے‘ڈاکٹر عمر سیف

پی آئی ٹی بی کے مرکزی ڈیش بورڈ سے منسلک صوبہ بھر میں ایک سو سے زائد رجسٹریشن سنٹر کام کر رہے ہیں، اب تک75ہزار معذور افراد کو خدمت کارڈ جاری ہو چکے ہیں‘ اجلاس سے خطاب

بدھ 4 مئی 2016 19:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ معذور افراد کی مالی امداد کے لئے شروع کی گئی خدمت کارڈ سکیم کو کامیاب بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کیا جا رہا ہے جس سے مختصرعرصے میں 75ہزار مستحقین کوخدمت کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں ۔وہ ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں واقع اپنے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک سو سے زائد رجسٹریشن سنٹر کام کر رہے ہیں جو پی آئی ٹی بی کے مرکزی ڈیش بورڈ سے منسلک ہیں۔اس خود کار نظام کے ذریعے کارڈ کی تقسیم فوری، شفاف اور باعزت طریقے سے ممکن ہو رہی ہے۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ خدمت کارڈ سکیم وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ایک شاندار منصوبہ ہے جس سے بے سہارا معذور افراد کو گھر بیٹھے مالی امداد مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خدمت کارڈ کے ذریعے معذور افراد مالی امداد کی رقم بآسانی نکلوا سکتے ہیں اور انہیں سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتے۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت خدمت کارڈوں کی تقسیم کا کام تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد صوبہ بھر کے تمام معذور مستحقین اس دائرہء کار میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معذور مستحقین کا ڈیٹا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لیا جا رہا ہے تاہم ہر لحاظ سے اس کی تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :