خاتون کا مکان پر قبضے ،داد رسی نہ ہونے کیخلاف آئی جی آفس کے سامنے احتجاج ،خود کو بلیڈ مار کر زخمی کر لیا

بدھ 4 مئی 2016 19:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) فیکٹری ایریا کی رہائشی خاتون نے مبینہ طور پر پولیس افسران کی سرپرستی سے مکان پر قبضے اور داد رسی نہ ہونے کیخلاف آئی جی پولیس کے دفتر کے سامنے احتجاج کے دوران خود کو بلیڈ مار کر زخمی کر لیا ، خاتون نے طبی امداد لینے کی بجائے پولیس آفس کے سامنے دھرنا دے کر بیٹھ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق حرا عثمان نامی خاتون نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس کے سامنے پہنچ کر احتجاج کیا اور اس دورا ن خود کو بلیڈ مار کر زخمی کر لیا ۔

خاتون کا کہنا تھاکہ اس نے فیکٹری ایریا میں زبیدہ نامی خاتون سے مکان خریدا اور اس مد میں اسے 80فیصد ادائیگی بھی کر دی۔ خاتون نے جعلسازی سے مکان دوبارہ اپنے نام کرا لیا ہے اور مبینہ طور پرپولیس افسران کی سرپرستی میں اس پر قابض ہے ۔

(جاری ہے)

خاتون کا کہنا تھاکہ اس نے تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ بھی درج کرایا لیکن کوئی داد رسی نہیں ہو رہی جبکہ اعلیٰ پولیس افسران کے پاس بھی درخواستیں لے کر گئی لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ۔

پولیس کی اطلاع پر ریسکیو 1122کی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی جس نے خاتون کو طبی امداد دینے کی کوشش کی لیکن خاتون نے طبی امداد لینے کی بجائے سنٹر ل پولیس آفس کے سامنے دھرنا دیدیا ۔ خاتون کا کہنا تھاکہ اگر اسے انصاف نہ ملا تو وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کر لے گی ۔

متعلقہ عنوان :