میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی کاروائی ، کروڑوں روپے مالیت کی شراب برآمد

مشکوک بوٹ سے 6 اسمگلر گرفتار، شراب اور ملزمان ، پاکستان کسٹم کے حوالے کردیئے گئے اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ براں ہونے کیلئے مصروف عمل ہیں ، ریئر ایڈمرل جمیل اختر کی پریس کانفرنس

بدھ 4 مئی 2016 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل جمیل اختر کی خصوصی ہدایت پر کھلے سمندر میں اینٹی اسمگلنگ آپریشن ، 6 اسمگلر گرفتار ،6 کروڑ سے زائد کی بین الاقوامی شراب برآمد، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈ کواٹر میں ڈی جی ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے گذشتہ شب خفیہ معلومات پر کھلے سمندرمیں آپریشن کیا جس کے دوران مشکوک بوٹ کی تلاشی لی گئی۔

میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے اہلکاروں نے کاروائی کے دوران مشکوک بوٹ سے 315 بوریاں جسمیں 6 کروڑ سے زائد مالیت کی 12400/- بوتل شراب برآمد کرکے 6 اسمگلر کو گرفتار کرلیا، انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کیلئے پاکستان کسٹم کے حوالے کردیا گیا ہے ایک سوال کے جواب میں ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے کہا کہ ملزمان کا تعلق پاکستان سے ہے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کی روشنی میں جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ براں ہونے کیلئے ہر وقت ہمہ تن کوشاں ہیں ۔ سمندری حدود میں ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام ، سمندری حدود کی خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں مچھلی کی شکار کی روک تھام میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی ذمہ داری ہے جس سے کبھی ہم پیچھے نہیں ہٹے، انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اور ایران سمیت دیگر کسی ممالک کی جانب سے غیر قانونی ماہی گیری کے حوالے سے کوئی مسائل نہیں ۔

پڑوسی ملک بھارت کی جانب سے بڑا مسئلہ ماہی گیروں کی سمندری حدود کی خلاف ورزی ہے میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے گذشتہ ایک سال کے دوران سینکڑوں بھارتی بوٹس اور ہزاروں ماہی گیر سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کئے ہیں۔ ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے بحری بیڑے کے بارے میں بتایا کہ پاکستان نیوی اور وزارت دفاع کے تعاون سے میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے بحری بیڑے میں 2نئے جہاز دسمبر میں شامل ہوجائینگے جو چین کے تعاون سے شپ یارڈ میں تیار کئے جارہے ہیں جبکہ 4جہاز چین میں تیار ہوکر جلد بحری بیڑے میں شامل ہونگے۔ اس موقع پر کلیکٹر کسٹم طارق ہدا، لیفٹیننٹ کمانڈو واجد نواز اور لیفٹیننٹ عمران بھلائی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :