اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے خرم نواز گنڈاپور کی ملاقات

بدھ 4 مئی 2016 19:02

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ملکی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔خرم نواز گنڈاپور نے اپوزیشن لیڈر کو بتایا کہ ڈیڑھ سال سے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع نہیں کی جارہی اور رپورٹ کی کاپی لینے کیلئے ہم لاہور ہائیکورٹ میں بیٹھے ہیں جبکہ دوسری طرف ہم نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں استغاثہ دائر کررکھا ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ ہم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ہر حد تک جائینگے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جماعتیں بھی انسانی حقوق کی اس سنگین خلاف ورزی کی آواز پارلیمنٹ کے اندر اٹھائیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ 17 جون 2014 ء کے دن جو کچھ لاہور ماڈل ٹاؤن میں ہوا وہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ یہ بات تکلیف دہ ہے کہ دو سال گزر جانے کے بعد بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کو انصاف نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اس میں اس طرح شہریوں کی جانیں لینے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ 14 بے گناہوں کی اموات کے ذمہ داروں کا تعین کرتے اور انہیں سزائیں دلواتے۔انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایسی بربریت کی نا کبھی پہلے حمایت کی نہ آئندہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر علی نجفی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آنی چاہیے۔