ایم کیو ایم والے بادشاہ لوگ ہیں ان سے صفائی مہم چلنے والی نہیں ٗ رضا ہارون

ایم کیو ایم معاملے پر وزیر داخلہ نے جے آئی ٹی تو بنا دی ٗکام کی سپیڈ سے مطمئن نہیں ہیں ٗمیڈیا سے گفتگو

بدھ 4 مئی 2016 18:59

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء رضا ہارون نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے بادشاہ لوگ ہیں ان سے صفائی مہم چلنے والی نہیں ٗایم کیو ایم معاملے پر وزیر داخلہ نے جے آئی ٹی تو بنا دی ٗکام کی سپیڈ سے مطمئن نہیں ہیں رضا ہارون نے ان خیالات کا اظہار گوجرانوالہ میں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

رضا ہارون نے کہاکہ ہم پاک سرزمین کے پلیٹ فارم سے اصولی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی روایتی اور تاریخی سیاست میں سیاسی جماعتوں نے لوگوں کو اکھٹا نہیں کیا، ہم پاکستان کو بچانے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین واحد سیاسی جماعت ہے جس کا کوئی جھنڈا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی حکمران پر کوئی الزام لگتا ہے تو اسے جمہوریت خطرے میں نظر آنا شروع ہو جاتی ہے، جب تک مقامی حکومتوں کو آئین کے مطابق مضبوط نہیں بنایا جائیگا ٗ جمہوریت ناکام ہے ٗ مقامی حکومتوں کے نظام بارے قانون آئین سے متصادم ہے ٗرضا ہارون نے کہاکہ ایم کیو ایم والوں نے کراچی میں صفائی مہم شروع کی تھی تاہم وہ ایسا نہیں کر سکے کیونکہ وہ بادشاہ لوگ ہیں، بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہیں، انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر را سے فنڈنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لئے وزیر داخلہ نے جو جے آئی ٹی بنائی ہے اس کے کام کی رفتار سے مطمئن نہیں ہیں۔ رضا ہارون نے کہاکہ جو ایم کیو ایم میں رہے وہ ٹھیک اور جو چھوڑ جائے تو اسے گند کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی ووٹوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہم عملی عوامی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

عشرت العباد کے بارے میں رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ان کا نظریہ ہمارے نظریہ سے ملتا ہے، ابھی وہ گورنر ہیں، جب عہدہ چھوڑیں گے تو پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ خود کریں گے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ افتخار رندھاوا بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ پچیس سال تک ایم کیو ایم کے ساتھ رہے تاہم جب پتہ چلا کہ ایم کیو ایم کو را چلا رہی ہے تو فوراً اسے چھوڑ دیا۔

متعلقہ عنوان :