حکومت کا پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ

حکومتی ٹی او آرز پر اپوزیشن کی کوئی مثبت تجویز سامنے آئی تو اس پر بات کی جاسکتی ہے ٗ شرکاء

بدھ 4 مئی 2016 18:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) حکومت نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت وفاقی وزرا اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات پرویز رشید، وزیرقانون زاہد حامد، وزیردفاع خواجہ آصف اور سینیٹر ظفرالحق سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے میڈیا پر آنے والے ٹی او آرز پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران وفاقی وزرا نے اپوزیشن جماعتوں کے رد عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ٹی او آرز میں تمام چیزوں کا احاطہ کیا گیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی ٹی او آرز پر اپوزیشن کی کوئی مثبت تجویز سامنے آئی تو اس پر بات کی جاسکتی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن سے دوبارہ رابطہ کیا جائے گا۔