سابق چیئرمین سینیٹ نیئربخاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے پراپوزیشن لیڈرخورشید شاہ برہم

سویلین شخص بغیرپہچان کرائے نیئربخاری کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے؟ ،سید خورشید شاہ آئی جی اسلام آباد کے رویئے پرافسوس ہے جنہوں نے بغیر انکوائری کے نیئر بخاری کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دیا ٗاپوزیشن لیڈر

بدھ 4 مئی 2016 18:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) سابق چیئرمین سینیٹ نیئربخاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے پراپوزیشن لیڈرخورشید شاہ برہم ہوگئے اور کہا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ایک شخص اپنی پہنچان کرائے بغیر نیئربخاری جیسی شخصیت کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے نیئربخاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نیئرحسین بخاری کی تاریخ جانتا ہے جو چیئرمین سینیٹ اورپارلیمنٹرین رہے ہیں جب کہ وہ خود وکیل ہیں جو ضلع کچہری جا رہے تھے، ایک سویلین شخص بغیرپہچان کرائے نیئر بخاری کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے جنہیں پہلے سے ہی سیکیورٹی خطرات لاحق ہوں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ آئی جی اسلام آباد کے رویئے پرافسوس ہے جنہوں نے بغیر انکوائری کے نیئر بخاری کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دیا ٗ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا، وزیراعظم مذکورہ جج کی عدالت سے واقعہ کی تحقیقات کرائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق چیرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے تلاشی لینے پر عدالت کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو تھپڑ رسید کردیا اور زبردستی کچہری میں گھس گئے تھے جس پر آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین نے بھی تھپڑ مارنے کا نوٹس لیتے ہوئے نیئر حسین کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔