بدعنوانی جیسے مسائل نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے تاہم اب حالات بدل گئے ہیں، زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں ،موجودہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے،

صدر مملکت ممنون حسین کا وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے چوتھے اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب

بدھ 4 مئی 2016 14:54

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بدعنوانی جیسے مسائل نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے تاہم اب حالات بدل گئے ہیں، زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم آگے نہ بڑھ سکیں،موجودہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے، تاجروں اور صنعتکاروں سمیت ہر شخص کو سی پیک اور دیگر بڑے منصوبوں کی تکمیل میں ساتھ دینا چاہیے۔

پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پڑوسی ممالک سمیت تمام دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ وہ وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے چوتھے اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اب معیشت کو سیاست پر برتری حاصل ہے، جس ملک کی معیشت مضبوط ہو گی وہاں سیاست بھی اچھی ہو گی، اس حوالے سے چین کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک کے تمام بڑے اقتصادی اشاریے مثبت نتائج دکھا رہے ہیں۔ پاکستان میں ماضی میں ہونے والی بدعنوانی اور بدانتظامی سے بہت نقصان ہوا ہے لیکن اب حالات بدل گئے ہیں اور درست سمت میں کام کیے جا رہے ہیں، حکومت سی پیک کے ساتھ ساتھ توانائی اور انفراسٹرکچر کے بڑے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن کی تکمیل سے پاکستان خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اس کام میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ ان منصوبوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کو کسی صورت بھی پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جب بھی بات چیت ہوئی تو پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، توقع ہے کہ افغانستان کی حکومت اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت کے حوالے سے دو تین ماہ میں اچھی پیش رفت ہو گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی بھی ملک کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے تاجروں اور صنعتکاروں کو ایوارڈز دینے کی تقریب میں شرکت ان کے لئے ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے۔ ملک کے تاجر اور صنعتکار قومی معیشت کو استحکام دینے کے نیک کام میں مصروف ہیں، ان سے تبادلہ خیال میں بہتر تجاویز سامنے آتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی خوشحالی اور وقار میں اضافہ کے لئے تاجروں اور صنعتکاروں کی خدمات پر ان کی عزت افزائی کی جا رہی ہے۔

توقع ہے کہ وہ آئندہ بھی انہی خطوط پر خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔ صدر مملکت نے صنعتکاروں اور برآمدکنندگان پر زور دیا کہ وہ روایتی مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ اپنی مصنوعات کے لئے نئی منڈیاں بھی تلاش کریں، اس سلسلہ میں افریقہ، وسطی ایشیا اور مشرق بعید کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر وسطی ایشیائی ممالک کا خصوصی طور پر حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پاکستانی برآمدات کے لئے بہت مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور طریقے سے استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشنز اور فیڈریشنوں کے نمائندوں کو اپنے شعبوں کے لوگوں کو درپیش مسائل اجاگر کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے حکومتی اداروں سے رابطے کرنے چاہئیں۔ صدر مملکت نے تاجروں اور صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ ٹیکس کلچر کو فروغ دیتے ہوئے اپنے حصے کے ٹیکس باقاعدگی سے ادا کریں تاکہ حکومتی وسائل میں اضافہ ہو اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں مزید فنڈز جاری کر کے عوام کیلئے تعلیمی اور طبی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔

قبل ازیں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر عبدالرؤف عالم نے اپنے خطاب میں صدر مملکت ممنون حسین کو ایف پی سی سی آئی کے اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریبات میں مسلسل تیسری بار شرکت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی سے صنعت و تجارت کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے بڑے منصوبوں کو قومی معیشت کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے ملک میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سی ای او ایس ایم منیر نے اپنے خطاب میں حکومت کے اقتصادی بحالی اور امن و امان کے حوالے سے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان کے نتیجے میں تمام بڑے اقتصادی اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔ تقریب میں صنعت و تجارت سے وابستہ 73ممتاز شخصیات کو ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈز دئیے گئے۔ اس موقع پر صدر مملکت کو فیڈریشن کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور ملک بھر سے کاروباری برادری کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔