نویں جماعت میں داخلے کے لیے 12سال کی عمر کی شرط کیخلاف درخواست پر سیکرٹری سکولز اور تعلیمی بورڈز سے وضاحت طلب

بدھ 4 مئی 2016 14:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے نویں جماعت میں داخلے کے لیے 12سال کی عمر کی شرط کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری سکولز اور تعلیمی بورڈز سے 6 مئی کو وضاحت طلب کرلی ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار طالبہ اریسہ طیب کی جانب سے ایڈووکیٹ شیراز ذکا نے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے نویں جماعت میں داخلے کے لیے 12سال کی عمرمقرر کر رکھی ہے ۔

کم عمر لائق طالبعلموں کو 9ویں جماعت میں داخلے سے روک دیا گیا جو آئین کے خلاف ہے ۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ 9ویں جماعت کے لیے 12سال کی عمر مقرر کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے ۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سیکرٹری سکولز اور تعلیمی بورڈز سے 6مئی کو وضاحت طلب کرلی ۔