پٹھان کوٹ حملہ،ہندوستانی ٹیم ائیربیس کے ناقص سیکورٹی انتظامات دیکھ کر چکرا کر رہ گئی

بدھ 4 مئی 2016 11:21

پٹھان کوٹ حملہ،ہندوستانی ٹیم ائیربیس کے ناقص سیکورٹی انتظامات دیکھ ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء ) پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات کرنے والی ہندوستان کی پارلیمانی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اسے یہ جان کر بہت حیرت ہوئی کہ جس ایئربیس کی سیکیورٹی انتہائی سخت ہونی چاہیے تھی، وہاں مسلح افراد باآسانی داخل ہونے میں کامیاب رہے۔ پینل رپورٹ کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری انسداد دہشت گردی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں سنجیدہ خامیاں ہیں، جبکہ ایئربیس کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی بھی ناقص تھی۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت سنجیدہ ہوتی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنا کام صحیح طریقے سے انجام دے رہی ہوتیں تو صورتحال مختلف ہوتی۔ پارلیمانی کمیٹی نے تحقیقات کے دوران پٹھان کوٹ ایئربیس کا بھی دورہ کیا اور سوال اٹھایا کہ دہشت گرد، دہشت گردی الرٹ کے باوجود کیسے ایئربیس میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔ حکومت پاکستان سے منسلک سرحدی علاقوں کو گشت بڑھانے، باڑ لگانے اور دیگر اقدامات کے ذریعے موثر طریقے سے سیل کرنے کی جانب توجہ دے۔ یاد رہے کہ رواں سال 2 جنوری کو پٹھان کوٹ ایئربیس حملے میں 7 ہندوستانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔