ایم کیو ایم کارکن آفتاب احمد کی ہلاکت پر رینجرز نے کمیٹی بنا دی ، ملوث اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 مئی 2016 11:06

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 مئی 2016ء) : گذشتہ روز رینجرز کی حراست میں ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کی ہلاکت کے معاملے پر رینجرز نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ ہلاکت میں مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کے حکم پر ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی ہلاکت پر رینجرز سیکٹر کمانڈر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔

ترجمان رینجرز نے یقین دہانی کروائی کہ آفتاب احمد کی ہلاکت کے واقعہ کی جلد از جلد تحققیات مکمل کر کے حقائق سامنے لائے جائیں گے، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ رینجرز نے واقعہ میں ممکنہ طور پر ملوث اہلکاروں کو بھی معطل کرد یا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آفتاب احمد گذشتہ روز رینجرز کی حراست میں انتقال کر گئے تھے۔