ڈی جی ڈبلیو ٹی او کی سماجی شعبوں کی بہتری، چائلڈ لیبر کے خاتمے اور آئی ٹی کے فروغ پر شہبازشریف کی کارکردگی کی تعریف

منگل 3 مئی 2016 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء)ورلڈٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل روبرٹوایزی ویڈو نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری خصوصاً تعلیم کے فروغ اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کرنے اور سرکاری محکموں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی ۔ ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ٹی او کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبائی حکومت کا سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحاتی پروگرام قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان پر کامیابی سے عملدرآمد کا سن کر مجھے خوشی ہوئی ہے۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت کو فنی معاونت مہیا کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات بہترین انداز سے کئے جا رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کا اصلاحاتی پروگرام متاثرکن ہے جس کے مستقبل میں دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔