اسلام آباد،کورنگ نالہ میں ڈوب کر جان دینے والے مجذوب کا 12 گھنٹے گزرنے کے باو جود پولی کلینک انتظامیہ پوسٹ مارٹم نہ کراسکی

ورثاء لاش پوسٹم مارٹم کے بغیر واپس لے گئے، نئی میڈیکل لیگل آفیسر ڈاکٹر دردانہ نے جاں بحق عاقل شاہ کا پوسٹ مارٹم کرنے کی بجائے میٹنگ میں جانے کا بہانہ کردیا

منگل 3 مئی 2016 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی۔2016ء) کورنگ نالہ میں ڈوب کر جان دینے والے مجذوب کا 12 گھنٹے گزرنے کے باو جود پولی کلینک انتظامیہ پوسٹ مارٹم نہ کراسکی ہے اور ورثاء لاش پوسٹم مارٹم کے بغیر واپس لے گئے۔ جبکہ نئی میڈیکل لیگل آفیسر ڈاکٹر دردانہ نے جاں بحق ہونے والے عاقل شاہ کا پوسٹ مارٹم کرنے کی بجائے میٹنگ میں جانے کا بہانہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ کورال پولیس کو کورنگ نالہ سے عاقل شاہ نامی ایک شخص کی لاش ملی تھی ابتدائی طور پر اس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔ عاقل شاہ کی لاش کو پیر اور منگل کی درمیانی رات گیارہ بجے پولی کلینک لایا گیا تھا لیکن لیڈی ڈاکٹر دردانہ نے لاش کو ہاتھ لگانے سے انکار کردیا اور کہا کہ میں ایک اہم میٹنگ میں ہوں جس کے بعد ورثاء نے پولی کلینک انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور منگل کی صبح دس بجے وہ بغیر پوسٹ مارٹم کے ہی لاش لے کر چلے گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ورثاء نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ عاقل شاہ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے اور یہ پانی میں ڈوب کر مرا ہے جس کی وجہ سے اس کے پوسٹ مارٹم کی ضرورت نہیں ہے۔ اس حوالے سے جب آن لائن نے سیکرٹری کیڈ حسن اقبال سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ان کو کوئی علم نہیں ہے جبکہ ای ڈی پولی کلینک ڈاکٹر امجد پومی کو نئے ایم ایل او کی تعیناتی کے حوالے سے رابطہ کروں گا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر دردانہ کے حوالے سے پہلے بھی یہ تاثر عام ہے کہ وہ کام اپنی مرضی سے کرتی ہیں۔ پولی کلینک انتظامیہ کو اپنے بااثر ہونے کی دھمکیاں دے کر ڈراتی رہتی ہیں ۔ ڈاکٹر دردانہ کی سروس زیادہ پارلیمنٹ کی ڈسپنسری پر رہی ہے اور اس کے تعلقات بھی وسیع ہیں اس لئے پولی کلینک کے زیادہ ڈاکٹرز ان سے خوف زدہ رہتے ہیں۔ جبکہ 10 سال تک پارلیمنٹ میں ڈسپنسری انچارج کے عہدے پر غیر قانونی طور پر بھی تعینات رہی اور بالاخر سپیکر قومی اسمبلی و چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر پارلیمنٹ سے دوائیوں میں کرپشن کے الزام پر ہٹائی گئی اور نئے ایڈیشنل ای ڈی ڈاکٹر امجد پومی نے گزشتہ روز ڈاکٹر دردانہ کو ایم ایل او اور ایمرجنسی کا چارج دے دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :