عالمی یوم صحافت پر پی ایف یو جے ، این پی سی اور آر آئی یو جے کے زیراہتمام ریلی کا انعقاد

منگل 3 مئی 2016 22:20

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) عالمی یوم صحافت کے موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نیشنل پریس کلب (این پی سی) اور راولپنڈی اسلام آباد یونین جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب سے سپر مارکیٹ تک ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر شرکا نے آزادی صحافت کے حق میں نعرے لگائے اور حکومت سے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہئے۔

شرکاء نے آزادی صحافت کے مطالبات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم نے کہا کہ ہمیں اس بات کا تعین کرنا ہوگا کہ آزادی صحافت کو اصل میں خطرہ کس سے ہے، کیا ہمیں حکومت، اپوزیشن، سکیورٹی اداروں، دہشت گردوں یا میڈیا مالکان سے خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

اس سوال کا جواب ملنے کے بعد ہی اس ضمن میں لائحہ عمل طے کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران یعقوب ڈھلوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان صحافیوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے بدترین ممالک میں شامل ہے اور اس فہرست میں ہمارا نمبر چوتھا ہے۔ ہمارے ملک میں فاٹا اور بلوچستان میں کچھ ایسے علاقے بھی جہاں صحافی آزادانہ اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتے بلکہ اب تو اسلام آباد میں بھی میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے بعد صحافی وفاقی دارالحکومت میں بھی خود غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح کسی سانحہ کا انتظار کئے بغیر میڈیا ہاؤسز کی سکیورٹی یقینی بنائے۔ اس ضمن میں صحافیوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا اور کسی خبر کے لئے خود کو خبر نہ بننے دیں۔ آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی نے کہا کہ آزادی صحافت کے حوالے سے صحافیوں کی جدوجہد کی تاریخ بہت طویل ہے، کوئی آمر بھی صحافیوں کو نہیں دبا سکا۔

صحافیوں نے کوڑے کھائے، جیلیں کاٹیں مگر کسی کے آگے جھکے نہیں۔ انہوں نے کہا میڈیا کو مختلف طبقات اپنی مرضی سے چلانا چاہتے ہیں اور بعض مالکان مختلف ایجنڈے لے کر چل رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔ ملک میں آزادانہ صحافت کے فروغ کے لئے غیر جانبدارانہ صحافت کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان کارکنوں کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں اور فیلڈ ورکرز کو حفاظتی سامان فراہم کریں۔ آر آئی یو جے کے سیکرٹری بلال ڈار نے کہا کہ بلوچستان میں دو صحافیوں کے نام فورتھ شیڈول میں ڈال دیئے گئے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ریلی سے ممبر گورننگ باڈی نیشنل پریس کلب بشیر عثمانی نے بھی خطاب کیا۔