شب معراج کے مبارک موقع پر پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصو صی انتظاما ت کئے جائیں،ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید

منگل 3 مئی 2016 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) کراچی واٹر اینڈ سیویج بورڈ نے شب معراج کے موقع پر شہر بھر میں ایمر جنسی نافذ کردی ہے ، تما م چیف انجینئرز،سپر نٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کا دورہ کرکے فراہمی ونکاسی آب کے نظام کی نگرانی کریں جس علاقہ سے بھی پانی کی قلت یا سیوریج اوور فلو کی شکایت ملی تو اس کو ذمہ دار سپرنٹنڈنگ انجینئر کو تصور کیا جائے گا، واٹر بورڈ میں تمام ماتحت عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں فیلڈ میں رہنے کا حکم دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹر بورڈ جام خان شورو کی ہدایت پر شب معراج کے موقع پر شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید نے ادارہ کے چیف انجینئرز، سپر نٹنڈنگ انجینئرز اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ شب معراج کے مبارک موقع پر پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصو صی انتظاما ت کئے جائیں اور تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں فراہمی آب کو یقینی بنایا جائے او ر قبرستان جانے والے راستوں کے اطراف نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھا جائے تمام مین ہولز پر کور کی مو جودگی کو یقینی بنایا جائے اور سیو ریج کے پانی کو کسی بھی مقام پر کھڑا نہ ہونے دیا جائے تاکہ قبرستان جانے والوں اور عبادت گزاروں کو اس مقدس رات میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں شب معراج کے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ ہ اجلاس کے دوران دیں ۔ اجلاس میں ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز، چیف انجینئرز، سپر نٹنڈنگ انجینئرز،ایگزیکٹو انجینئرز اور متعلقہ افسران مو جود تھے۔اجلاس کے دوران انجینئرز و عملہ کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں محدود وسائل میں رہتے ہوئے شب معراج کے مبارک موقع پر خدمات دینی فریضہ سمجھتے ہوئے انجام دینی ہیں ،ساپنے فرائض منصبی چیلنج سمجھ کر ادا کر نے ہیں شہر کے تمام علاقوں میں نکاسی آب وفراہمی آب کا جائزہ لیں اور ہر گلی اور ہر محلہ میں پانی فراہم کرنے کے لئے پانی کی لائنوں اور والو و آپریشن کی کڑی نگرانی کریں پمپنگ اسٹیشنوں پر والوو آپریشن کی شیڈول نمایاں طو رپر آویزاں کیا جائے ۔

اسی طرح سے نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھنے کئے نہ صرف نکاسی آب کی لائنوں کی دیکھ بھال کریں بلکہ نکاسی آب کی لائنوں کی صفائی اور مین ہولز کی دیکھ بھال اور ڈھکن رکھنے کے عمل کو مستقل بنیادوں پر انجام دیا جائے ،اس مقصد کے لئے سیوریج کلیننگ مشین ، جیٹنگ مشین او ر افرادی قوت کے استعمال سے اپنے متعلقہ علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کورواں رکھنے کاکام مکمل کیاجائے اور نکاسی آب کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر خا تمہ کیاجائے۔

انہوں نے چیف انجینئر الیکٹریل و میکنیکل کو ہدایت دیتے ہو ئے کہاکہ وہ تمام سیوریج کلیننگ مشینوں ، جیٹنگ مشینوں ، جنریٹر ز اور دیگر مشینری کو مکمل طور پر درست حالات میں رکھیں تاکہ کسی بھی ضرور ت کے تحت فوری طور پر قابل استعمال ہوں، ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہر یوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فراہمی و نکاسی آب سے متعلق کسی بھی شکایات کے اندراج کے لئے واٹر بورڈ کے شکایتی مرکز کے فون نمبر 99244595-6پر رابطہ کر کے اپنی شکایات درج کرسکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :