بن لادن گروپ کی بسیں جلانے والے سات ملازمین گرفتار

ملازمین کے اخراج کے77ہزار حتمی اجازت نامے جاری، بارہ ہزار ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے،بن لادن گروپ

منگل 3 مئی 2016 20:27

بن لادن گروپ کی بسیں جلانے والے سات ملازمین گرفتار

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) سعودی عرب میں سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی بن لادن گروپ کے ملازمین کے پْرتشدد احتجاج کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔مقامی میڈیا کی اطلاع کے مطابق بن لادن گروپ کے گذشتہ کئی مہینوں سے تن خواہوں سے محروم اور اب فارغ ملازمین کی بڑی تعداد نے گذشتہ روز سات بسوں کو نذر آتش کردیا انھوں نے یہ پْرتشدد کارروائی انتظامیہ کے ساتھ توتکار کے بعد کی ہے۔

بن لادن گروپ کی بسوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے میں ملوّث سات مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔مکہ کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان میجر نایف الشریف نے بتایا کہ آگ بجھانے والے عملہ نے رات ان بسوں کو لگی آگ پر قابو پا لیا تھا اور اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم بن لادن گروپ سے تعلق کی بنا پر پوری دنیا کے میڈیا نے اس واقعے کو رپورٹ کیا ہے۔

بن لادن گروپ کے ایک ذریعے نے بتایاکہ ملازمین کے اخراج کے ستتر ہزار حتمی اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں اور کم سے کم بارہ ہزار سعودی شہری بھی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔اطلاعات کے مطابق بن لادن گروپ کے ہزاروں ملازمین گذشتہ کئی ہفتوں سے مکہ اور ساحلی شہر جدہ میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ان میں سے کئی ملازمین کا کہنا ہے کہ انھیں گذشتہ چار ماہ سے تن خواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق بن لادن گروپ کے سعودی ملازمین کو آپشن دیا گیا ہے کہ وہ کمپنی کے مالی اثاثے کلئیر ہونے تک اپنی واجب الادا تن خواہوں کا انتظار کریں یا پھر دو ماہ کی تن خواہیں لے کر استعفے دے دیں۔

متعلقہ عنوان :