Live Updates

کرم ایجنسی میں کیمپ سے اپنے علاقوں میں واپس جانیوالے آئی ڈی پیز کو حکومت نے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، پی ٹی آئی، متحدہ قبائل پارٹی

حکومت نے آئی ڈی پیز کو ان کے جائز حقوق نہ دیئے تو آئی ڈی پیز دوبارہ کیمپوں میں جانے پر مجبور ہونگے ، رہنماؤں کے بیان

منگل 3 مئی 2016 20:15

پارا چنار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) تحریک انصاف اور متحدہ قبائل پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ کرم ایجنسی میں کیمپ سے اپنے علاقوں میں واپس جانے والے آئی ڈی پیز کو حکومت نے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، اگر حکومت نے آئی ڈی پیز کو ان کے جائز حقوق نہیں دیئے تو آئی ڈی پیز دوبارہ کیمپوں میں جانے پر مجبور ہونگے ۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عبدالوہاب چمکنی ، جنرل سیکٹری شاہد خان چمکنی ، متحدہ قبائل پارٹی کے سیکٹری جنرل الف خان اورکزئی ، نصیر خان اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے نیو درانی کیمپ سے اپنے علاقوں میں واپس جانے والے علیشیرزئی ، مسوزئی اور زیمشت قبائل کے آئی ڈی پیز کو حکومت نے اﷲ کے آسرے پر چھوڑ دیا ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں مکانات ناقابل استعمال ہونے کی وجہ سے متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

رہنماوں نے کہا کہ حکومت نے 35 ہزار روپے متاثرہ خاندان کو دینے اور گھروں کو واپس جانے کیلئے گاڑی کرایہ دینے کا اعلان کیا تھا مگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے رہنماوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے تین خاندانوں کو ایک ٹینٹ فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے جو کہ ناکافی ہے اس لئے ہر خاندان کو ایک ٹینٹ دیا جائے ۔ رہنماوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ڈی پیز کی واپسی پر فوری طور پر متاثرہ مکانات کی سروے کا اعلان کیا تھا اور نقصان کے مطابق امداد کا وعدہ کیا تھا مگر حکومت کا ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔

رہنماوں نے اعلان کیا کہ واپس گھروں کو جانے والے آئی ڈی پیز کے مسائل کیلئے فوری اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو متاثرین واپس احتجاجا کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہونگے اور گورنر ہاوس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائیگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :