وزیراعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ،کمال باروزئی

اقتصادی راہداری منصوبہ ملک میں تعمیر و ترقی کے نئے دروازے کھولے گا،ترقی مخالف عناصر ،نا تجربہ کار نومولود سیاستدان سیاست بھی کرکٹ سمجھ کر کھیل رہے ہیں ،مظاہرے سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 19:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) مسلم لیگ(ن) بلوچستان اقلیت ونگ کے زیراہتمام منگل کو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے حق میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کے حق میں نعرے بازی کی۔مظاہرین سے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی کوارڈی نیشن سیکرٹری کمال باروزئی ، صوبائی اسسٹنٹ کوارڈی نیٹر مرزا شمشاد ،اقلیت ونگ کے سینئر رہنما عمانوامل مسیح نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور اقتصادی راہداری منصوبہ ملک میں تعمیر و ترقی کے نئے دروازے کھولے گا ترقی مخالف عناصر کچھ نا تجربہ کار نومولود سیاستدان سیاست بھی کرکٹ سمجھ کر کھیل رہے ہیں حالانکہ سیاست خدمت کا دوسرا نام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست سنجیدگی ،معاملہ فہمی ،فہم و فراست صبر و تحمل برداشت کا نام ہے وزیراعظم کا خواب دیکھنے والے مسٹر کپتان ذہنی پستی کا شکار ہوگئے ہیں انکو چاہئے کہ وہ اپنی قسمت آزمائی کیلئے 2018ء کے انتخابات کا انتظار اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے ہیں اس میں مسلم لیگ(ن) نے اپنی برتری ثابت کرکے واضح کردیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اج بھی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے اوراسکی جڑیں عوام میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ترقی کررہا ہے اورانشاء اﷲ اﷲ کی مدد اور عوام کی تائید سے 2018ء کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کریگی۔