Live Updates

تحریک انصاف کی جدوجہد کامقصد غریب عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہے،ڈاکٹرامجدعلی

عوام دوست پالیسیوں کے باعث دوسری جماعتوں کے عہدیداروں جوق درجوق تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں سیاست کی آڑ میں خان ازم نہیں چلنے دیں گے اب یہ قصہ پارینہ بن چکا،عوام اپنے حقوق پرسودے بازی نہیں ہونے دینگے ،معاون خصوصی کاتقریب سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 19:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد کامقصد غریب عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہے یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت دور دراز علاقوں کوترقی سے ہمکنار کرنے ،غریب اور محروم طبقوں کے مسائل حل کرنے اورمعاشرے میں انصاف کابول بال کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اوران ہی عوام دوست پالیسیوں کے باعث آج دوسری جماعتوں کے عہدیداروں وکارکنان جوق درجوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ پی کے۔82 کی یونین کونسل شاہ ڈھیری سوات میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی مقامی عہدیداروں اورمعززین علاقہ کے علاوہ عوام کی کثیر تعدادبھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں علاقے کی معروف سیاسی شخصیات جن میں محمد جان، خان بادشاہ ،عرض مند شامل ہیں نے اپنے سینکڑوں عزیزوں واقارب سمیت اے این پی اور دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا۔

معاون خصوصی نے نئے شامل ہونے والے کارکنان کو مبارکباد دی اورکہا کہ وہ علاقے میں عوامی مسائل کے حل اور پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار اداکریں۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سب لوگ برابر ہیں اور اب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ شاہ ڈھیر ی میں خان خوانین غریب عوام کو اپنا غلام سمجھتے تھے اب غریب لوگ آزادہیں اور اپنے فیصلے خود کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اورمنتخب نمائندے شاہ ڈھیر ی کے نوجوانوں اور غریب لوگوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست کی آڑ میں خان ازم نہیں چلنے دیں گے اب یہ قصہ پارینہ بن چکاہے عوام نہ تو اپنے حقوق پرسودے بازی ہونے دیں گے اور نہ ہی اے این پی کے دھوکے میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تین سالہ دور حکومت میں لوگوں کا اعتماد بڑھا ہے اسی لئے پارٹی میں لوگ جو ق درجوق شامل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورحکومت میں ایزی لوڈ اورایس ایم ایس کے سیاست ہوئی جس میں لوٹ مار کرتے ہوئے صوبے کے خزانے کوکنگال کردیاگیاتھا۔ڈاکوؤ کی طرح نوکریاں فروخت کیں اور رشوت لیکر تبادلے کئے، ترقیاتی کاموں میں کمیشن لینا اپنا حق سمجھاگیا اورامن وآمان کی خراب صورتحال کے پیش نظر ممبران اسمبلی اپنے گھروں کو نہیں آجاسکتے تھے۔ سکول بند کردیئے گئے او رغریب عوام دربدر ہوگئے تھے جس کے باعث خان خوانین کو دومرتبہ شکست سے دوچار ہونا پڑا اوراب شکست ان کامقدر بن چکی ہے جبکہ پی ٹی آئی عوامی خدمت کاجذبہ لئے دن دگنی رات چگنی ترقی کررہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات