کراچی شپ یارڈ میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کیلئے 600 ٹن کے جہاز کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب

منگل 3 مئی 2016 19:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) کراچی شپ یارڈ میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کیلئے تعمیر کیئے جانے والے 600 ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل (ایم پی وی)کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب گذشتہ روز منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے پلاننگ ، ڈویلپمنٹ اور ریفارم، پروفیسر احسن اقبال اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ۔ تقریب میں سرکاری ، پاک بحریہ ، سی ایس ٹی سی (چائنا)، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی ،کراچی شپ یارڈ اور دیگر نجی اداروں کے اعلی حکام شریک تھے۔

اس موقع پر ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ ہلال امتیاز (ملٹری) منیجنگ ڈائریکٹرکراچی شپ یارڈ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ کراچی شپ یارڈ میں 600 ٹن ایم پی وی کی تعمیر ادارے پر حکومت کے بھروسے اور اعتماد کا اظہا رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 600ٹن ایم پی وی جدید ڈیزائن اور تکنیک کا حامل کثیر المقاصد جہاز ہے جس کی تعمیر میں اسٹیل ہل، المونیم سپر اسٹرکچر کا استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جہاز پاکستان کے بحری راستوں کی حفاظت، تلاش اور امدادی کاموں کیلئے جدید آلات سے پوری طرح آراستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کراچی شپ یارڈ دو جہازوں کی لانچنگ اور تین جہازوں کی تعمیری منصوبوں پر کام کا آغاز کر رہا ہے۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کراچی شپ یارڈ اور چائنا شپ بلڈنگ اور ٹریڈنگ کمپنی کو اس بر وقت تعمیری سنگ میل کا ہدف حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ اس جہاز کی تعمیر سے ملکی خود مختاری اور خطے کے معدنی وسائل کی حفاظت میں بھر پور مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے حکومت ساحلی پٹی اور اس سے مطلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی پر خصو صی توجہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں مستقبل قریب میں پاک چائنا اقتصادی راہداری پاکستان کو خطے میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنا دے گی۔

یہ انقلابی منصوبہ خطہ کی تقدیر بدلنے کا باعث ہو گا۔ انہوں نے شپ یارڈ کو چار جدید آبدوزوں کے تاریخ ساز منصوبے کے حصول پر مبارک باد بھی دی۔ بحری شعبہ کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شپ لفٹ اور ٹرافسفر سسٹم کا جاری منصو بہ شپ یارڈ کی تعمیری صلاحیتوں میں اضافہ کا باعث ہو گا ۔ جس کے تحت بیک وقت13 جہازوں کی تعمیر و مرمت ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے شپ یارڈ کی تعمیری صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے حکومت کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی اور شپ یارڈ کے کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے شپ یارڈ اپنے مثالی محل وقوع اور پوشیدہ صلاحیتوں کے باعث خطے میں جہاز سازی کا ایک نمایاں ادارہ بن سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :