ایس ای سی پی کی جانب سے انضباطی قواعد کی خلاف ورزی پر گزشتہ ماہ کے دوران 20 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے

منگل 3 مئی 2016 18:47

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے انضباطی قواعد کی خلاف ورزی، سالانہ گوشواروں اور حسابات میں بے قاعدگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر گزشتہ ماہ کے دوران 20 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے جبکہ پہلے سے جاری شدہ نوٹس پر 36 کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز، ڈائریکٹرز اور آڈیٹرز کے خلاف کارروائی مکمل کی گئی۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اپریل کے دوران کارپوریٹ سپرویژن ڈیپارٹمنٹ نے چھ آڈیٹرز کے خلاف بھی ایکش لیا اور آڈیٹرز کو اپنے فرائض دیانتداری سے ادا نہ کرنے اور مجوزہ قوانین کے مطابق کمپنی کے متعلق حقائق کو چھپانے اور مکمل معلومات فراہم نہ کرنے پر کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی نے پانچ کمپنیوں کے خلاف اپنی سالانہ رپورٹ میں مکمل معلومات نہ ظاہر کرنے اور حقائق چھپانے پر کارروائی کی۔

اس دوران ایک ایسی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جو کاروبار نہیں کر رہی تھی۔ رجسٹرار کو اس کمپنی کو بند کرنے کی کارروائی کے لئے عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح ایک کمپنی کے خلاف اپنی ویب سائٹ پر ضروری معلومات فراہم نہ کرنے پر بھی ایکشن لیا گیا۔ مزید کارپوریٹ اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کے لئے 37 انتباہ کے نوٹس جاری کئے گئے۔ اس ماہ سرمایہ کاروں کی جانب سے ملنے والی 141 شکایات پر کارروائی مکمل کی گئی۔

متعلقہ عنوان :