ہر اہلکار فلائنگ سکواڈ میں ایک سال کا عرصہ مکمل کریگا ،بغیر سفارش ایک سال بعد تبادلہ کر دیا جائیگا‘ ڈی آئی جی آپریشنز

فلائنگ سکواڈ کے اہلکار شدید گرمی میں فرائض سرانجام دیکر لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں‘ حیدر اشرف

منگل 3 مئی 2016 18:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء ) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف نے کہا ہے کہ فلائنگ سکواڈ کے اہلکار شدید گرمی میں فرائض منصبی سرانجام دے کر لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں،ہر اہلکار فلائنگ سکواڈ میں ایک سال کا عرصہ مکمل کرے گا اور بغیر کسی سفارش کے ایک سال بعد اہلکار کا تبادلہ کر دیا جائیگا،آج ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی کے ہمراہ خود میس کا دورہ کروں گا اور میس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات ہنگامی بنیاد پر مکمل کئے جائیں،جن اہلکاروں کے کمروں میں پنکھے، واٹر کولریا واٹر فلٹر کی عدم موجودگی ہے وہاں انسپکٹر اسٹیبلشمنٹ فوری اخراجات کا تخمینہ لگا کر کام مکمل کروائیں گے، لاہور پولیس کے فلائنگ سکواڈ کے یہ اہلکارلاہور پولیس کو نہیں بلکہ پنجاب پولیس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں فلائنگ سکواڈ کے اہلکاروں سے خصوصی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی اطہر اسماعیل اورافسران و اہلکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ ہم اہلکاروں کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور جہاں کہیں کمی یا کوتاہی ہے وہاں ہنگامی بنیادوں پر معاملات درست کیئے جائیں گے۔

جواہلکار ایک سال سے زیادہ عرصہ سے فلائنگ سکواڈ میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان کی درخواستوں پر فوری طور پر تبادلے کر کے ان کی جگہ متبادل اہلکار تعینات کیئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی فلائنگ سکواڈ کی خراب گاڑیوں کی فہرست دیں گے جن کو فوری طور پر مرمت کروایا جائیگا۔ جن اہلکاروں کو تنخواہ ، پروموشن، چھٹی یا ذاتی گھریلو پریشانی ہے تووہ بلاجھجھک میرے دفتر آسکتا ہے اور اپنی پریشانی شیئر کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :