حیدر آباد ٹاؤن، چھ افراد کے قاتل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

منگل 3 مئی 2016 18:20

حیدر آباد ٹاؤن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مئی۔2016ء) چھ افراد کے قاتل کو تختہ دار پر لٹکا کر پھانسی دے دی گئی، ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں پھانسی کے وقت سکیورٹی انتہائی سخت کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، تفصیلات کے مطابق منگل کی علی الصبح ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں سزائے موت کے مجرم اصغر خان کو پھانسی دے دی گئی، پھانسی کے وقت جیل میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ڈاکٹر نے مجرم کی موت کی تصدیق کر دی جس کے بعد اس کی ڈیڈ باڈی ورثاء کے حوالے کر دی گئی، ایک روز قبل مجرم کے ورثاء سے اس کی آخری ملاقات کروائی گئی اور اس کی وصیت سپرنٹنڈنٹ جیل کے سپرد کی گئی، جیل ذرائع کے مطابق خوشاب ضلع کے موضع جابہ میں مجرم اصغر نے 2007 میں اراضی کے تنازعہ پر اپنے بھائی، اس کی بیوی اور چار بچوں کو قتل کر دیا تھا، چھ افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے اسے سزائے موت کا حکم سنا دیا۔

(جاری ہے)

سزائے موت کے حکم کے بعد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی جو مسترد ہوئی، آخری رحم کی اپیل صدر مملکت کے پاس کی گئی جسکو صدر مملکت نے مسترد کیا، اور عدالت نے اس کے بلیک وارنٹ جاری کر دیئے، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے منگل کی علی الصبح چھ افراد کے قتل کے مجرم اصغر خان کو تختہ دار پر لٹکا کر پھانسی دے دی گئی۔

متعلقہ عنوان :