چیچہ وطنی،ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹس اگلے سال کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے ، کمشنر ساہیوال ڈویژن

منگل 3 مئی 2016 18:17

چیچہ وطنی ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے چین کے تعاون سے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹس اگلے سال کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے جس سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم میں بہت مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات پاور پلانٹ کے دورے کے دوران ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ چینی انجینئرز کی حفاظت کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او سید باقر رضا اور دوسرے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ پولیس افسران کو چینی انجینئرز کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ چینی انجینئرز ہمارے مہمان ہیں اور ان کی حفاظت ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ،چینی حکومت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے جس سے نہ صرف ملک میں اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہو گی بلکہ اس سے بیروزگاری میں بھی کمی آئے گی۔

متعلقہ عنوان :