چیچہ وطنی،ڈسٹرکٹ کوآرڈ ینیشن آفیسرکی برطانیہ ڈیپارٹمنٹ آف انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ کے وفد سے ملاقات

منگل 3 مئی 2016 18:17

چیچہ وطنی ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈ ینیشن آفیسر ساہیوال آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت کوجی آئی ایس ٹیکنالوجی سے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بڑی مدد ملی ہے اور اس ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف سرکاری املاک اور زمینوں پر ناجائز قابضین کی نشاندہی ہوئی ہے بلکہ ضلعی حکومت کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں برطانیہ ڈیپارٹمنٹ آف انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ۔ملاقات میں ضلعی حکومت کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد کی سربراہی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اور فرسٹ سیکرٹری ھو نور فلانگن کر رہے تھے جبکہ اس میں صوبائی نمائندے بن فرنچ،سیکنڈ سیکرٹری اجیتا ہتھالیا ،ایجوکیشن ایڈوائزر جاوید احمد ملک اور سیکٹر ہیڈ سہیل ٹیپو اور ڈی او سی احمد خاور شہزاد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلع کے تمام گرلز سکولوں میں ٹوائلٹس کی فراہمی ممکن بنا دی گئی ہے جبکہ ضلع پولیو فری اور ڈینگی فری بھی قرار دیا جا چکا ہے۔انہوں نے سروس ڈیلیوری کی بہتری میں جی آئی ایس ٹیکنا لوجی کی ضرورت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے ضلعی انتظامیہ سرکاری زمینوں اور املاک پرقبضہ مافیاکی نشاندہی ممکن ہوئی ہے جبکہ پی ایچ اے نے غیر قانونی بل بورڈز کی نشاندہی کر کے لاکھوں روپے کے واجبات وصول کیے ہیں۔

وفد کے سربراہ ھونور فلانگن نے ضلعی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ڈیپارٹمنٹ آف انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پنجاب کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ڈی سی او آصف اقبال چوہدری نے وفد کو پی ایچ اے کی کارکردگی بارے بھی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ساہیوال شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جن میں تمام پارکوں کی ری ماڈلنگ بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :