قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے چاروں صوبوں میں مرحلہ وار کتاب میلے منعقد کرنے کی حکمت عملی کی منظوری دیدی

اس سال حیدر آباد، بہاولپور، کوئٹہ اور پشاور میں بڑے کتاب میلے منعقد کئے جائیں گے ،کتاب دوستی کو ایک تحریک کی شکل دینے کیلئے معاشرے کے تمام طبقے ساتھ دیں ‘ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کا اجلاس سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 18:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بعد چاروں صوبوں میں مرحلہ وار کتاب میلے منعقد کرنے کی حکمت عملی کی منظوری دے دی یہ پہلے سندھ میں حیدر آباد، پنجاب میں بہاولپور، بلوچستان میں کوئٹہ اور خیبرپختونخوا میں پشاور میں منعقد ہوں گے۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیر صدارت منگل کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ اجلاس میں اس حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔

ڈویژن کے وفاقی سیکرٹری محسن ایس حقانی، ڈائریکٹر جنرل نیشنل بک فاؤنڈیشن (این بی ایف) ڈاکٹر انعام الحق جاوید کے علاوہ وزارت اور این بی ایف کے اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ عرفان صدیقی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے وزارت اور این بی ایف کے حکام کو اسلام آباد میں اپنی نوعیت کے پہلے اور سب سے بڑے قومی کتاب میلہ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد اور شاباش دی اور کہا کہ وزیراعظم نے کتاب دوستی اور مطالعہ کے کلچر کے فروغ کے لئے اپنی جانب سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے مسرت کا اظہار کیا ہے کہ قومی کتاب میلہ میں 60 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی اور نوجوانوں سمیت ہر عمر کے لوگوں نے دلچسپی لی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں میں کتاب بینی کا صحت مند رجحان فروغ پائے اور معاشرے میں مثبت رویوں کی آبیاری ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام کتاب پڑھنا چاہتے ہیں۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معیاری کتب کی ممکنہ حد تک کم قیمت پر رسائی یقینی بنانے کی کوشش کریں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ہم ملک بھر میں کتاب دوستوں کی تحریک برپا کریں گے اور اپنے بچوں کے ذہنوں کو علم کی روشنی سے منور کرنے کے لئے بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اس سلسلے میں معاشرے کے تمام طبقات کو کتاب دوستی تحریک کا ساتھ دینا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ محب وطن اور درد دل رکھنے والے تمام پاکستانی اس مقصد کے حصول میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

عرفان صدیقی نے وزارت اور این بی ایف کو ہدایت کی کہ کتاب میلوں کے حوالے سے نظام الاوقات کی تیاری کے کام کو تیز کیا جائے اور ضروری انتظامات میں پیش رفت کی جائے۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے این بی ایف کے تنظیمی ڈھانچے، ملازمین کی فلاح و بہبود، ادارے کے زیر عمل اور مستقبل کے منصوبہ جات کے علاوہ مالیاتی امور کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔