گندم خریداری مہم میں چھوٹے کاشتکاروں کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے ،حمیدہ وحیدالدین

منگل 3 مئی 2016 17:49

لاہور۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء )وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ گندم خریداری مہم میں چھوٹے کاشتکاروں کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے ،وہ حافظ آباد میں کسوکی میں ٹوکن سنٹر اور مدینہ شوگر ملز میں گندم خریداری مرکز کے موقع پر گفتگو کر رہی تھیں ،انہوں نے کہا کہ انتہائی شفاف طریقہ کار اپناتے ہوئے پنجاب بھر میں چھوٹے زمینداروں اور کاشتکاروں سے گندم کی خریداری شروع ہو چکی ہے جبکہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق تمام متعلقہ افسران کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ گندم خریداری کے سلسلہ میں صرف میرٹ کو مد نظر رکھیں، صوبائی وزیر نے ٹوکن سنٹر پر شفاف قرعہ اندازی کے طریقہ کار کو سراہا ، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب زمینداروں اور کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور مقررہ ٹارگٹ کے مطابق گندم خریداری سے کسانوں کو بھر پور معاشی فائدہ حاصل ہو گا ، اے سی عمر وڑائچ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ضلع میں پاسکو نے گندم کی خریداری کے 19مراکز قائم کئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے بنائے گئے 9ٹوکن سنٹروں پر سب کی موجودگی میں شفاف قرعہ اندازی کی جا رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ میرٹ کے مطابق باردانہ کے اجراء اور گندم کی خریداری کو ہر صورت یقینی بنائے گی -