وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انفراسٹرکچر اور بنیادی شہری سہولیات کی ترقی اولین ترجیح ہے‘ وزیراعظم کی ہدایت پر غازی بروتھا سے اسلام آباد کیلئے پانی کے حصول پر کام کر رہے ہیں، مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے قانون سازی کریں گے، وزیراعظم محمد نواز شریف میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو جلد سے جلد فعال دیکھنا چاہتے ہیں اسلام آباد کو ایشیا کا خوبصورت ترین دارالحکومت بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کریں گے

میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کا ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی۔2016ء“ کے دورہ کے موقع پر انٹرویو

منگل 3 مئی 2016 17:41

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انفراسٹرکچر اور بنیادی شہری سہولیات کی ترقی اولین ترجیح ہے‘ وزیراعظم کی ہدایت پر غازی بروتھا سے اسلام آباد کیلئے پانی کے حصول پر کام کر رہے ہیں جس سے آئندہ 40 سے 50 سال تک نہ صرف اسلام آباد بلکہ جڑواں شہر راولپنڈی کی آبی ضروریات پوری ہوں گی۔

مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے قانون سازی کریں گے جس کے ذریعے ہر گھر کم از کم 30 فیصد بجلی شمسی توانائی سے پیدا کرے گا۔ کچی آبادیوں کو منصوبہ بندی کے تحت دوبارہ آباد کاری اور نئی کی روک تھام کیلئے متعلقہ اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر سے مل کر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں قومی خبر رساں ادارہ ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

03 مئی۔2016ء“ کے دورہ کے موقع پر اپنے خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ اس موقع پر ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء“ کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک‘ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد نعیم چوہدری‘ ڈائریکٹر نیوز محمد اکرم ملک اور ڈائریکٹر آئی ٹی غواث خان بھی موجود تھے۔ اسلام آباد کے میئر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو جلد سے جلد فعال دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ان شعبوں کی منتقلی کیلئے کام کررہے ہیں، توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں بہت سے اختیارات میٹرو پولیٹن کو منتقل ہو جائیں گے اور مئی کے وسط میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا یہ تاریخی کارنامہ ہے جس نے اسلام آباد کی تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کرائے جو اب اختیارات کی منتقلی کے حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور جو نیا ادارہ بننے جارہا ہے اس کے پہلے میئر کی حیثیت سے میری حتی الوسع کوشش ہوگی کہ یہ مثالی ادارہ بن کر ابھرے اور اس اقدام سے عوام کی اپنے منتخب نمائندوں تک صحیح معنوں میں رسائی ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کو ساتھ لے کر اسلام آباد کو ایشیا کا خوبصورت ترین دارالحکومت بنانے کیلئے اقدامات کریں گے۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد کا سب سچے بڑا مسئلہ فراہمی آب کا ہے اور خاص طور پر موسم گرما میں پانی کی قلت پیدا ہو جاتی ہے جس کیلئے غازی بروتھا سے اسلام آباد کیلئے پانی لانے کا معاملہ عرصہ دراز سے التواء کا شکار تھا جسے میں نے وزیراعظم کے سامنے پیش کیا اور مشترکہ مفادات کونسل میں اس پر اتفاق ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غازی بروتھا سے پانی کے حصول کے منصوبے سے اسلام آباد کے ساتھ ساتھ راولپنڈی کی بھی آئندہ 40 سے 50سال تک کی ضروریات پوری ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال میں میئرز اور گورنرز کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور یہ بہت اہم کانفرنس ہے جس کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کا موقع ملے گا اور پہلی مرتبہ کوئی منتخب میئر اس عالمی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کے شہریوں کی صحت کی سہولیات کیلئے پولی کلینک اور پمز ہسپتال ناکافی ہیں جس کیلئے میں نے چار نئے ہسپتالوں کی تجویز دی ہے اور آغاز میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ یونٹس کو اپ گریڈ کیا جائے گا جہاں ایمرجنسی‘ او پی ڈی‘ زچہ بچہ سنٹرز کے علاوہ متعدد شعبے قائم ہوں گے جس سے پولی کلینک اور پمز پر بوجھ کم ہوگا جبکہ پولی کلینک کی توسیع بھی شروع ہونے جارہی ہے جس کے ذریعے صحت کی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

سہالہ ہیلتھ یونٹ کی آزمائشی بنیادوں پر اپ گریڈیشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینی ٹیشن کی صورتحال کی بہتری کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنائیں گے اور سالڈ ویسٹ کو توانائی کی تیاری کیلئے بروئے کار لانے پر بھی کام کریں گے اور یونین کونسل سطح پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا سینی ٹیشن سٹاف ہوگا اور یونین کونسل کے منتخب نمائندے اپنے ایریا کی صفائی اور عملہ کی حاضری اور نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے جس سے صفائی کی صورتحال کی بہتری کے ساتھ ساتھ گھوسٹ ملازمین کا بھی خاتمہ ہوگا۔

میئر نے کہا کہ اسلام آباد کو سیاحت کی بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے بھی بہت سی تجاویز ہیں جنہیں عملی جامہ پہنائیں گے اور شہریوں بالخصوص نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے پارکوں اور کھیل کے میدانوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں گے، مارگلہ کی پہاڑیوں پر ہائکنگ ٹریکس کی بہتری کی جائے گی اور خوبصورت مناظر کی نمائش کیلئے سائٹس بنائیں گے۔ سی ڈی اے نے میری تجویز پر چیئر لفٹ پر اقدامات پر غور شروع کردیاہے، رہائشی عمارتوں کے کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کے خلاف سی ڈی اے کی کارروائی سے رہائشی عمارتوں کے کرایوں میں کمی آئی ہے۔

آئندہ نئے سیکٹرز کیلئے نئے بائی لاز بنائے جائیں گے تاکہ پرانی غلطیاں نہ دہرائی جاسکیں اور پرانے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھی اقدامات کریں گے۔ شجرکاری مہم کے ذریعے زیتون اور چیڑھ کی شجرکاری کر رہے ہیں جس سے ماحول پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ذریعے اسلام آباد کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس ضمن میں فری ہینڈ دیا ہے اور کارکردگی کی شرط پر ہر ممکن فنڈز کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی ہے اور توقع ہے کہ وزیراعظم کے اس وژن اور اعتماد پر پورا اترنے میں کامیابی ملے گی۔