قائمہ کمیٹی قواعد و ضوابط کا ہاؤسنگ سوسائٹی الیکشن ملتوی کرانے سے متعلق ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی کی سفارشات نظرانداز کرنے پراظہار برہمی

اسلام آباد انتظامیہ کے لیگل ایڈوائزر کو سخت جھاڑ پلا کر اجلاس سے باہر نکال دیا

منگل 3 مئی 2016 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط نے کمشنر اور رجسٹرار کو آپریٹیو ڈیپارٹمنٹ آئی سی ٹی اسلام آباد کی جانب سے ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن ملتوی کرانے کے حوالے سے ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی کی سفارشات کو نظرانداز کرنے اور ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا، کمیٹی چیئرمین اسد الرحمن نے چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں ملزم کی حیثیت سے صفائی دیں کہ کسی قانون کے تحت پارلیمنٹ کی اہم کمیٹی کی سفارشات کو نظرانداز کیا اور عملدرآمد نہیں کیا، کمیٹی نے چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر معاملہ کے حوالے سے تحریری جواب دینے کی مہلت دے دی، کمیٹی چیئرمین نے اسلام آباد انتظامیہ کے لیگل ایڈوائزر کو سخت جھاڑ پلاتے ہوئے کمیٹی سے باہر نکال دیا، لیگل ایڈوائزر نے کمیٹی چیئرمین کو کہا کہ آپ یہاں بلا کر تذلیل کیوں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کا اجلاس کمیٹی چیئرمین چوہدری اسد الرحمن کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ممبر قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال کی جانب سے ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی کی اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشن ملتوی کرنے کی سفارشات پر کمشنر اور رجسٹرار کو آپریٹیو ڈیپارٹمنٹ آئی سی ٹی اسلام آباد کی جانب سے عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے تحریک استحقاق کو زیر بحث لایا گیا۔

کمیٹی چیئرمین اسد الرحمان نے کہا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، پارلیمنٹ کی ایک اہم کمیٹی جس کی ڈپٹی سپیکر سربراہی کرتے ہیں اس کی سفارشات کو نظرانداز کر کے پارلیمنٹ کی توہین کی گئی۔ چیف کمشنر اسلام آباد وضاحت کریں کہ انہوں نے کس قانون کے تحت الیکشن کرائے اور کمیٹی کی سفارشات کو نظرانداز کیا۔ انہوں نے چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کو کہا کہ آپ ایک ملزم کی حیثیت سے یہاں پیش ہوئے ہیں اور آپ کمیٹی کے سوالات کے جواب دیں اور مطمئن کریں۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جب ان لیگل ایڈوائزر موقف دینے لگے تو کمیٹی چیئرمین نے ان کو روک دیا اور جھاڑ پلا دی کہ آپ کو کس نے بلایا ہے، آپ ملازم نہیں ہیں، آپ باہر چلے جائیں، اس پر لیگل ایڈوائزر نے کہا کہ مجھے یہاں نوٹس کے ذریعے بلایا گیا تھا اور پھر اس طرح تذلیل کیوں کی جا رہی ہے۔ کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ میں آپ کو بلانے کے نوٹس کو کینسل کرتا ہوں، آپ باہر چلے جائیں۔

چوہدری محمود بشیر ورک نے کہا کہ آپ پارلیمنٹ کی تذلیل کرتے ہیں ،آپ باہر جائیں، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ملازمین کی ہاؤسنگ سوسائٹی جس کے 5سال سے الیکشن نہیں ہوئے تھے اور ایک ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے معاملات چلائے جا رہے تھے جب مقامی انتظامیہ نے الیکشن کرانے کا اعلان کیا تو قومی اسمبلی کی ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی نے سفارشات دیں کہ الیکشن کو ملتوی کیا جائے لیکن مقامی انتظامیہ نے کمیٹی کی سفارشات کو نظرانداز کرتے ہوئے الیکشن کرا دیئے اور موقف اختیار کیا کہ کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد ضروری نہیں۔

چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر نے کمیٹی کو کہا کہ انہیں وقت دیا جائے ،سارے معاملے پر مکمل تحریری جواب دیں گے۔ کمیٹی نے چیف کمشنر کی درخواست منظور کرتے ہوئے تحریری جواب دینے کی ہدایت کر دی۔