کوئٹہ سریاب میں کیسکوسپیشل مجسٹریٹ کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائی،11 بجلی چور گرفتاراورجرمانہ عائد

منگل 3 مئی 2016 17:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئررحمت اﷲ بلوچ اورچیف انجینئر(آپریشن) مجاہد اسلام کی خصوصی ہدایت پر سپیشل مجسٹریٹ کیسکوسینٹرل سرکل نے ایس ڈی او کیسکو سریاب سب ڈویژن نعیم بنگلزئی کے ہمراہ کلی شاہنواز،کیچی بیگ اوراس سے ملحقہ علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران جہا ں بجلی کے غیرقانونی استعمال پر الیکٹرسٹی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 11افراد کو گرفتار کرلیا گیاجن کے چالان سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کئے گئے ۔

جہاں اُنھیں مجموعی طورپر63ہزارروپے جرمانہ کی سزاسنائی گئی جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ پر 2ملزمان کو جیل بھیج دیاگیا۔جن کے خلاف مزیدقانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے نیز اس دوران نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

جس کے دوران 55 گھریلو اور 37 کمرشل نادہندہ صارفین کے کنکشنز منقطع کئے گئے جن کے ذمہ مجموعی طورپرلاکھوں روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزارت پانی وبجلی کی ہدایات پر بجلی چوروں اورنادہندگان کے کنکشنز منقطع کرنے کے سلسلے میں خصوصی کاروائی صوبہ بھرکے مختلف علاقوں میں جاری ہے اس سلسلے میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)میں سپیشل مجسٹریٹس فرسٹ کلاس تعینات کئے گئے ہیں جو کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز میں الیکٹریسٹی ایکٹ کے تحت بجلی چوری اورالیکٹرسٹی میٹریل سے متعلق کیسکو کے تمام کیسز کی سماعت کے علاوہ بجلی چوروں کو موقع پرجرمانہ، سزائیں اوراُنھیں موقع پربجلی چوری کے جرم میں جیل بھی بھیج رہے ہیں۔

لہٰذاتمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے غیرقانونی کنکشنز اورکنڈے فوری طورپرہٹاکر بجلی کے غیرقانونی استعمال سے اجتناب کریں اور اپنے ذمہ بل بروقت اداکریں علاوہ ازیں بجلی چوروں کی نشاندہی کرنے میں کیسکوسے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :