مخالفین 2023ء کا انتظار کریں، مسلم لیگ (ن)اپنی بہترین کارکردگی کے باعث 2018ء میں اور بھی زیادہ اکثریت سے برسراقتدار آئے گی

اپوزیشن کے لیے اصل مسئلہ پانامالیکس نہیں، واحد مقصد ملک کی ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنا ہے،چوہدری محمد برجیس طاہر

منگل 3 مئی 2016 17:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو 2023ء تک انتظار کرنا پڑے گا اور آئے روز کی ہنگامہ آرائی اور سازشوں سے کچھ حاصل نہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائد محمد نواز شریف کی بہترین کارکردگی اور وژن کے باعث آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے او ر اس کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ 20سے زائد مستند بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور جریدوں نے پاکستان کی معاشی ترقی کے بارے میں بڑی مثبت رپورٹس دی ہیں اور بین الاقوامی برادری میں یہ تاثر عام ہے کہ اگر پاکستان اسی رفتار اور مستقل مزاجی سے آگے بڑھتا رہا تو عنقریب خطے کا مضبوط ترین ملک بن کر ابھرے گا۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ یہی بڑی وجہ ہے جو ہمارے سیاسی مخالفین کو ہضم نہیں ہو پارہی کیونکہ اُن پر یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہو چکی ہے کہ اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا اور حکومتی پالیسیز ہی کامیاب ہوتی رہیں تو 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) اور بھی مضبوط جماعت بن کر سامنے آئے گی اور اُن کے اقتدار کے خواب دھرے کے دھرے رہے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ درحقیقت سیاسی مخالفین اور سازشی عناصر کو پانامالیکس سے کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ اُن کا واحد مقصد مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو سازش کے تحت ہٹانا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم کے پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق چیف جسٹس کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بنانے اور خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے جیسے Good gestureکا مثبت جواب نہیں دیا جارہا اور ToR,s کا نام نہاد ایشو بنایا جارہا ہے کیونکہ اُن کے واحد مقصد تو ملک کی ترقی میں رکاوٹیں حائل کرنا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی مخالفین ToRsخود ترتیب دینے کی کس طرح مجاز ہیں، شاید اپوزیشن جماعتیں یہ بھول رہی ہیں کہ اُن کے اہم قائدین کے نام پاناما لیکس میں آئے ہیں اور ایسی صورت حال میں ایک غیر جانبدارفورم عدالتی کمیشن ہی معاملات کی تہہ تک پہنچ سکتا ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ ایک طرف تو ملک میں حکومتی کوششوں کے باعث چین اقتصادی راہداری کے تحت 46ارب ڈالر سرمایہ کاری کی جارہی ہے تو دوسری طرف آئے روز ترقی کے اس عمل کو روکنے کی کوششیں کی جاتی ہیں کبھی اس مقصد کے لیے دھرنے دیے جاتے ہیں اور کبھی احتجاج کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اﷲ کے کرم وفضل سے مسلم لیگ (ن) کو عوام کوبھرپور اعتماد حاصل ہے اور اس میں الحمد اﷲ آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ۔ضمنی انتخابات میں بھی عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور یہی وہ اعتماد ہے جو کہ ان سازشی عناصرکی شکست کا سبب بن رہ ہے اور مسلم لیگ(ن) ماضی کی طرح تمام تر سازشوں میں عوام کے سامنے سرخرو ہو گی اور ملک کی ترقی کا عمل اسی رفتار سے جاری و ساری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :