پولیس حکام کو بجلی کی تنصیبات چوری کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدائت

منگل 3 مئی 2016 17:02

فیصل آباد۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء )ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے فیصل آباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بھاری مالیت کی بجلی کی تنصیبات ، ٹرانسفارمرز، تاریں وغیرہ چوری کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ کے پولیس حکام کو ملزمان کے خلاف سخت ایکشن کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ پولیس حکام اپنے اپنے اضلاع میں بجلی کی تنصیبات کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات کریں نیز انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتا یا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکورشید احمد اسلم کی جانب سے ریجنل پولیس آفیسر کے علم میں یہ بات لائی گئی تھی کہ فیصل آباد ڈویژن میں بجلی کی تنصیبات کی چوری کی وارداتوں میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے اور حالیہ چند ماہ کے دوران برقی تنصیبات کی چوری کے سینکڑوں واقعات میں اب تک کروڑوں روپے کا سامان چوری کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ پولیس حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر آئندہ کسی علاقہ میں ایسا واقعہ ہوا تو وہاں کے پولیس حکام سے باز پرس کی جائے گی۔