پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ، نیشنل ہیلتھ پروگرام بلوچستان کے عوام کیلئے حکومت کا تحفہ ہے ،مائزہ حمید

منگل 3 مئی 2016 16:52

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) سیاسی رہنماؤں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی خصوصی دلچسپی کے باعث بلوچستان جلد دیگر صوبو ں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے عوام کوصحت کی سہولت فراہم ہوگی اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔گزشتہ روز بلوچستان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی اور وہاں کے لوگوں کو قومی دھارے میں لانے کی کوششیں کیں جو کہ ایک مثبت اقدام ہے۔

نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے حکومت عوام کو معیاری علاج کی فراہم کر نا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے ذریعے 3 لاکھ شہری مفت علاج کروا سکیں گے۔ عوام کو معیاری صحت اور تعلیم فراہم کرنا ان کا بنیادی حق ہے اور موجودہ حکومت اس کیلئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ پروگرام کا مقصد عوام کوصحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

موجودہ حکومت بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بہت سے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جن میں سے کچھ منصوبے جلد تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ ہماری حکومت ملک کی معیثیت کو بہتر بنانے اور ملک میں قیام امن کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ پاک چین راہداری منصوبہ اور نیشنل ہیلتھ پروگرام بلوچستان کی عوام کیلئے موجودہ حکومت کا تحفہ ہے۔

ان منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان کی عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان انورالحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بہت سے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جن میں تاپی اور راہداری منصوبہ بھی شامل ہیں ۔ نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے بلوچستان کی عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :