دینی مدارس اور علما پر تشدد اور گرفتاریوں کی وجہ سے نواز شریف کو اللہ نے رسوا کر دیا، شام کا یہی خطہ اگر یورپ جرمنی وغیرہ میں ہوتا تو پل پل کی خبر نشر کرکے انسانی حقوق کا واویلا کرتے نہیں تھکتے ، شام جل رہا ہے اور سب مسلم حکمران اور انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق کااجتماعات سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 16:16

دینی مدارس اور علما پر تشدد اور گرفتاریوں کی وجہ سے نواز شریف کو اللہ ..

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ شام میں مسلمانوں پر ناروا ظلم و ستم مسلم حکمرانوں اور میڈیا کی خاموشی پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شام کا یہی خطہ اگر یورپ جرمنی وغیرہ میں ہوتا تو پل پل کی خبر نشر کرکے انسانی حقوق کا واویلا کرتے نہیں تھکتے جبکہ آج شام کا یہ خطہ جل رہا ہے اور سب مسلم حکمران اور انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

وہ دارالعلوم مدینہ ڈسکہ سیالکوٹ میں ختم بخاری شریف کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔مولانا ایوب خان کی سربراہی میں پورا ڈسکہ شہر مولانا سمیع الحق کے استقبال کے لئے نکل آیا تھا،پھولوں کے گلدستے او رپھولوں کی پتیاں گل پاشی کی صورت میں راستے بھر ان پر نچھاور کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گوجرانوالہ میں مولانا صفدر قاسمی اور مولانا احسان اللہ قاسمی نے علماء طلباء اور عوام کی ایک بڑی تعداد کے ہمراہ جلوس کی شکل میں استقبال کرتے ہوئے مولانا کے قافلہ کو ڈسکہ لئے چلے،ڈسکہ میں جمعیت علماء اسلام اور جمعیت طلباء اسلام کے ہزاروں کارکنوں نے واشگاف نعروں سے مولانا کا پنڈال میں خیرمقدم کیا ۔

مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب کہاکہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دن بدن کمزور ہوتا جا رہا ہے اور حکمران لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں۔ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد نواز شریف کی اصلیت اور حب الوطنی قوم پر آشکارہ ہو گئی۔ دینی مدارس اور علماء پر تشدد اور گرفتاریوں کی وجہ سے نواز شریف کو اللہ نے رسوا کر دیا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کی رکاوٹ کی مین وجہ امریکہ ہے جب تک امریکہ افغانستان میں رہے گا افغانستان اور پاکستان میں کبھی بھی امن قائم نہیں ہوسکے گا ۔

ہم مذاکرات کی تائید کرتے ہیں لیکن جب تک افغانستان کے اختیارات اشرف غنی کے پاس نہ ہو مذاکرات سود مند ثابت نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 30سال پارلیمنٹ میں شریعت کی نفاذ کیلئے جدوجہد کی اور آج آئین میں جو اسلامی دفعات شامل ہیں یہ ہماری جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب شریعت کی نفاذ کی بجائے شریعت کے دفاع کی جنگ لڑنی ہو گی۔

نواز شریف اور شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی میں خواتین بل منظور کر کے پاکستان کے غیور اور دیندار مسلمانوں کو ایک پیغام دیا کہ وہ امریکہ کو خوش کرنے کیلئے بہت سے اقدامات کر سکتے ہیں، ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر حکمرانوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں۔ اس موقع پر مولانا کے صاحبزادے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر مولانا حامد الحق حقانی سابق ایم این اے نے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کی نظریں پاکستان کے دیندار نوجوان بیٹوں اور بیٹیوں پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ ہی پاکستان کے اسلامی تشخص کا دفاع حال اور مستقبل میں کریں گے۔

امت مسلمہ کو اس وقت شام کی صورتحال پر فوری کوئی بڑا قدم اٹھانا ہوگا ۔مولانا حقانی نے کہاکہ دینی ، سیاسی ،مذہبی قوتوں کا اتحاد اس وقت پاکستان میں ناگزیر ہوچکا ہے۔اجتماع سے مولانا ایوب خان ،مولانا میاں اجمل قادری، مولانا عبدالرؤف فاروقی،مولانا صفدر قاسمی، ڈسکہ کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔مولانا نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے بھی گوجرانوالہ اور ڈسکہ میں خطاب کیا۔کل ۴ مئی کو شبقدر کے پی کے میں جامعہ رحمانیہ میں جلسہ دستار بندی و ختم بخاری سے بھی قائد جمعیت مولانا سمیع الحق خطاب کریں گے ۔