رحیم یار خان،مختلف محکموں کے اہلکاروں کی فلڈ آنے سے پہلے ایمرجنسی سروسز کی تربیتی مشقیں

منگل 3 مئی 2016 14:45

رحیم یار خان ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رحیم یارخان ڈاکٹر عبدالستار بابر کی ہدایات پر ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمان کی سربراہی میں ہیڈ امین گڑھ صادق برانچ نہر میں ریسکیو 1122کے مکمل سٹاف،محکمہ ریونیو، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت کے اہل کاروں نے فلڈ آنے سے پہلے ایمرجنسی سروسز کی مشترکہ مشقیں کیں۔

ان مشقوں میں واٹر بوٹس کا گہرے پانی میں استعمال،پانی یا سیلاب میں پھنسے افراد کو بروقت ریسکیو کرکے محفوظ جگہوں میں منتقل کرنا،زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد دینا،میڈیکل کے مریضوں کو ریسکیو انفارمیشن ڈیسک سے رجسٹریشن ڈیسک منتقل کرنا ،وہاں سے متعلقہ میڈیکل کیمپ میں شفٹ کرنا شامل تھا۔اس کے علاوہ اہلکاروں کے سویمنگ ٹیسٹ لیے گئے بہترین سویمرز کو سراہتے ہوئے انہیں اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی رحیم یارخان شوذب سعید نے ان تمام مشقوں کو دیکھا اور بہت سراہا اور ریسکیو 1122کی سروسز کو بہترین قرار دیا ۔اسی طرح پچھلے سالوں میں ریسکیو 1122نے دوسروں محکموں کے ساتھ مل کر ضلع رحیم یارخان میں آنے والے سیلابوں میں دن رات کام کیا جو ایک مثال ہے اور بہت کم عرصے میں اپنا ایک اعلیٰ مقام حاصل کیا۔مشقوں کے حوالے سے ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمان نے مکمل بریفنگ دی ۔ آخر میں اے ڈی سی شوذب سعید نے تمام محکموں سے فلڈ کے دوران آنے والی مشکلات بارے دریافت کیا اور ان سب مسائل اور مشکلات کو نوٹ کیا گیا تاکہ آنے والے فلڈ میں ان کا مکمل حل نکالا جاسکے۔اس موقع پر انہوں نے تمام اداروں کی ان مشقوں میں شرکت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے مظاہرے کو سراہا۔