نہری پانی کی چوری ، فوری آپریشن کریک ڈاؤن کی ہدایت

منگل 3 مئی 2016 14:41

فیصل آباد۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء )حکومت پنجاب نے صوبہ کے بعض اضلاع میں نہری پانی کی چوری کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس ضمن میں تمام ڈویژنل کمشنرز ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ز ، ایکسینز محکمہ انہار اور اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر حکام کو ہدائت کی ہے کہ وہ فوری طور پر آپریشن کریک ڈاؤن کا آغاز کریں اور نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیں اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

محکمہ انہار کے ذرائع نے بتایا کہ محکمہ کے تمام افسران و اہلکاران پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر کسی جگہ پر کوئی اہلکار پانی چوری کے واقعات میں ملوث یا کسی پانی چور کی سرپرستی کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین محکما نہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اسے ملازمت سے بر طرف کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ٹیل تک پانی پہنچانے اور چھوٹے کاشتکاروں و کسانوں کو ان کے حصہ کے پانی کی فراہمی کیلئے بھی بھر پور اقدامات کر رہی ہے تاکہ نہری آبپاش علاقوں میں فصلوں کو سیراب کر کے بھر پور پیداوار حاصل کی جا سکے۔