اروی کی فصل پر دیمک کے حملہ کے پیش نظر گوڈی کے دوران شگوفے توڑنے اور سپرے کی ہدایت

منگل 3 مئی 2016 14:40

فیصل آباد۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء )محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجما ن نے کہاہے کہ موسم گرما کی شدت میں بتدریج اضافہ کے ساتھ ہی اروی کی فصل پر دیمک کے حملہ کا خدشہ بڑھ جاتاہے لہٰذاکاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ گوڈی کے دوران شگوفے توڑنے سمیت کلورپائریفاس کا سپرے بھی کریں تاکہ اروی کی پیداوار کو نقصان سے بچایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اروی کے کاشتکار فصل کی آبپاشی کی جانب بھی خصوصی توجہ دیں اور ہر 6سے7دن کے وقفہ کے بعد فصل کی آبپاشی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے بھی بروقت اقدام کریں اور خود رو پودوں کو ختم کرنے کیلئے رواں ماہ کے دوران کم از کم تین مرتبہ فصل کی گوڈی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر پودوں کی بغل میں موجود شگوفے گوڈی کے دوران ختم نہ کئے گئے تو وہ کچالو کی شکل اختیارکرلیتے ہیں جس سے اروی کی پیداوار کو نقصان پہنچتاہے۔