پاکستان کی ترقی اور عوام کی بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، عوام نے ہمیں مینڈیٹ اور مخالفین کو شکست دی ،مخالفین کے کہنے پر گھر نہیں جائیں گے،خیبر پختونخوا کے جس علاقے کا بھی دورہ کیا وہاں پرانے سکول، ہسپتال، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں نظر آئیں

وزیراعظم محمد نواز شریف کا بنوں میں عوامی اجتماع سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 14:34

بنوں ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دو ٹوک طور پر کہا ہے کہ وہ گیڈر بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں، عوام نے ہمیں مینڈیٹ اور مخالفین کو شکست دی، عوام کی خدمت اور ملکی ترقی کے ایجنڈے کی سرگرمی سے پیروی جاری رکھیں گے، ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت ہو جائے تو نواز شریف ایک منٹ میں گھر چلا جائے گا، نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر مل رہی ہے۔

خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت نہیں لیکن ہم صوبے کی عوام کی خدمت کیلئے یہاں آئے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم بلا جواز تنقید کرنے والے مخالفین کے کہنے پر گھر نہیں جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جن لوگوں نے صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کو سنہرے خواب دکھائے انہوں نے یہاں کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پنجاب، سندھ، بلوچستان کے مکین ایسے سنہری خوابوں میں نہیں پھنسے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواب دکھانے والے اب آپ سے ملنے تک نہیں آتے۔ پہلے ان لوگوں نے دو سال تک دھاندلی کا رونا رویا اور سپریم کورٹ میں معاملہ گیا اور سپریم کورٹ نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی یہ مخالفین کے منہ پر ایک بڑا طمانچہ ہے لیکن دھاندلی کا الزام لگانے والوں نے معافی تک نہیں مانگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک بار پھر آج نئے الزامات لگائے جا رہے ہیں، ہم نے اس حوالے سے عدالتی کمیشن کے قیام کا اعلان کیا کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے اور ہم نے کوئی کرپشن نہیں کی۔نواز شریف نے کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ عوام کی خدمت کو ہم نے عمل سے ثابت کیا ہے۔ ڈی آئی خان تا انڈس ہائی وے کی مرمت و بحالی کا کام شروع ہو چکا ہے۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے، 2018ء میں لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ شہریوں کو سستی بجلی اور گیس فراہم کریں گے۔ صنعتوں کو 24گھنٹے بجلی و گیس پہلے ہی مہیا ہو رہی ہے جو جلد عوام کو ملنا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پشاور شنکیاری مانسہرہ اور خیبر پختونخوا کے جس علاقے کا بھی دورہ کیا وہاں مجھے پرانے سکول، ہسپتال، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں نظر آئیں۔

3سال میں کے پی کے کی حکومت نے کوئی نیا بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان نہیں بنایا، آج ہم نیا بنوں بنانے کے لئے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت نہیں تھی جے یو آئی اور مسلم لیگ (ن) کی سیٹیں تھیں اگر ہماری حکومت بنتی تو یہاں لوگوں کو نیا خیبر پختونخوا بنتا نظر آتا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے نیا خیبرپختونخوا بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے 1991ء میں موٹروے کا جو خواب دیا اسے پورا کیا، ہم نے خیبر پختونخوا میں بے شمار سڑکیں بنائیں، آج ہم بنوں میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اکرم خان درانی کا شکر گذار ہوں جو کافی عرصہ سے نئے منصوبوں کے بارے میں مجھ سے بات چیت کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی محرومیوں کو دور کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں، عوام کی دل و جان سے خدمت کر رہے ہیں، صرف بجلی کی بات نہیں کرتے سڑکوں، کوریڈور، موٹرویز یا انفراسٹرکچر کی بات نہیں کرتے، ہم پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے بنوں کی پانچ یونین کونسلوں کے لئے گیس کی فراہمی، مختلف سڑکوں کی تعمیر، بنوں کے پاور ہاؤس کی توسیع اور لکی مروت میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنوں انڈسٹریل زون، کرک انڈسٹریل زون اور کوہاٹ انڈسٹری زون سے یہ علاقے پھلیں پھولیں گے، یہاں کی زراعت ترقی کرے گی۔ وزیراعظم نے ضلع کونسل بنوں اور ڈومیل کے لئے 20کروڑ کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ لکی مروت اور کرک میں پاسپورٹ آفس کے قیام کا کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں، ان کی جلد واپسی اور بحالی کے لئے تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بنوں ائرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کیا تا کہ اس سہولت سے باآسانی اندرون اور بیرون ملک فضائی سفر کر سکیں گے۔

آخر میں وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن، اکرم خان درانی اور انجینئر امیر مقام کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر نئے پاکستان کا پرجوش نعرہ لگایا۔ قبل ازیں جلسہ گاہ آمد پر وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے وزیراعظم کی روایتی پگڑی پہنائی اور مہمانوں کو بنوں کی مخصوص چادر پیش کی۔ جلسہ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما پیر صابر شاہ، گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سمیت کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے بنوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے دعا کرائی۔