وزیراعظم حکم دیں توجمہوری طریقے سے خیبر پختونخواہ کی لولی لنگڑی حکومت کو گرا دیں گے، اکر م درانی

منگل 3 مئی 2016 13:47

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ عمران خان تیسرے درجے کے پٹھان ہیں‘ رائے ونڈ جانے کی کوشش کرنے والے سوچ لیں کہ بنی گالہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے‘ وزیراعظم حکم دیں جمہوری طریقے سے ایک ماہ میں خیبر پختون خواہ کی لولی لنگڑی حکومت کو گرا دیں گے‘ وزیراعظم کی سلامتی کے لئے قرآن پڑھے جارہے ہیں‘ ان کے ساتھ غریب عوام کی دعائیں ہیں‘ پاک چین اقتصادی راہداری میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

وہ منگل کو یہاں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی آمد سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نواز شریف کے علاوہ کوئی شخص ملک کا تیسری بار وزیراعظم نہیں بن سکا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا چار مرتبہ بنوں آنا بھی ایک ریکارڈ ہے۔ الله تعالیٰ نے وزیراعظم نواز شریف کو عزت دی ہے اس کو کوئی نہیں چھین سکتا۔ وزیراعظم کا خاندان ملک بننے سے پہلے بھی صنعت کار تھا۔

ذوالفقار علی بھٹو نے شریف خاندان کے اثاثے قومی تحویل میں لے لئے۔ شریف خاندان نے زیادتیوں کے باوجود شرافت سے مقابلہ کیا۔ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خود کو احتساب کے لئے پیش کرنا شیر ہی کی صفت ہے کمیشن کا مطالبہ کرنے والے عمران خان آج کمیشن کو نہیں مانتے۔ عمران خان میں نہ مانوں کی سیاست پر عمل پیرا ہے۔

عمران خان ایک نمبر کے نہیں تین نمبر کے خان ہیں ان کے بھارت سے بھی روابط ہیں اور کہیں اور بھی یہودیوں نے پختونوں میں دین اسلام کو ختم کرنے کے لئے عمران خان کو موزوں ترین شخص تصور کرتے ہوئے انہیں ذمہ داری سونپی ہے۔ عمران خان سن لیں کہ اگر رائے ونڈ جانے کی کوشش کی تو بنی گالہ بھی دور نہیں۔ بنی گالہ کی ایسی اینٹ سے اینٹ بجائیں گے کہ نشان تک نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ تین سال پہلے خیبر پختونخوا اچھا بھلا تھا تیلی پہلوان کی حکومت نے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ خود دھرنے میں ناچنے میں مصروف رہتے ہیں۔ میڈیا کہتا ہے کہ وہ ناچتے نہیں ان کو ہوا اڑا رہی ہے ہوا سے ہلنے والے سن لیں کہ ہمارے ہاتھ آہنی ہیں وزیراعظم حکم دیں تو ایک ماہ کے اندر اندر جمہوری طریقے سے خیبر پختونخوا حکومت کا تختہ الٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلیوں نے آزادی کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں جمہوریت کے استحکام کے لئے قبائل آج بھی قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ غریب عوام کی دعائیں ہیں میری ماں پندرہ دن سے وزیراعظم کی سلامتی کے لئے قرآن پڑھ رہی ہیں۔ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے ہسپتال میں دوائیاں تک موجود نہیں ہیں۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع ضرور بھٹو کے دور میں ہوا لیکن اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا فخر نواز شریف کو حاصل ہے نواز شریف کے علاوہ کسی میں ایٹمی دھماکہ کرنے کی جرات نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی کایہ پلٹ دے گی۔ اقتصادی راہداری میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :