وزیراعظم کابنوں میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لوکل گورنمنٹ کیلئے 20کروڑ روپے اور لکی مروت میں یونیورسٹی کا اعلان

منگل 3 مئی 2016 13:46

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے بنوں میں بین الاقوامی ایئرپورٹ بنانے، لکی مروت میں یونیورسٹی کے قیام اور بنوں ضلع کونسل و تحصیل کونسلز کیلئے 20کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ،عوام کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، آپ کے کہنے پر گھر چلا جاؤں، یہ منہ اور مسور کی دال، ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو ایک منٹ نہیں رکوں گا اور گھر چلا جاؤں گا، ہم نے ایک مرتبہ پھر الزامات کا فیصلہ سپریم کورٹ پر چھوڑ دیا ہے،دھاندلی کا رونا رونے والے پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں،راستے میں دیکھتا آتا کہیں بھی نیا خیبرپختونخوا نظر نہیں آیا، ٹوٹی سڑکیں، پرانے ہسپتال اور سکول دیکھ کر افسوس ہوا،صوبائی حکومت تین سال میں نیا خیبرپختونخوا بنانے میں ناکام رہی، ہماری حکومت ہوتی تو اب تک بن چکا ہوتا۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو بنوں میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، معاون خصوصی انجینئر امیر مقام اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر) صفدرسمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم کو پنڈال میں پہنچنے پر روایتی پگڑی پہنائی گئی اور چادر کا تحفہ پیش کیا گیا۔

عوامی اجتماعی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میری دیرینہ خواہش تھی کہ میں بنوں جاؤں، نیا خیبرپختونخوا دیکھوں اور عوام سے ملاقات کروں، مولانا فضل الرحمان اور اکرم درانی کا یہ موقع فراہم کرنے پر مشکور ہوں، انشاء اللہ آئندہ جلسہ شامیانوں کے بغیر کریں گے، میں ہیلی کاپٹر سے دیکھتے ہوئے تلاش کر ہا تھا کہ نیا کے پی کے کہاں ہے، مجھے کہیں بھی نیا کے پی کے نظر نہیں آیا،وہی پرانی سڑکیں، ٹوٹے ہوئے ہسپتال اور سکول دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا ہے، آج ہم نے نئے بنوں کی بنیاد رکھی ہے، اگر ہماری صوبائی حکومتی تو آج نیا کے پی کے بن چکا ہوتا، ہم نے نئے پاکستان کیلئے خواب دیکھے ان کی تعبیر مل رہی ہے، میں نیا کے پی کے دیکھتا چاہتا تھا پتہ نہیں وہ کہاں ہے، ہم نے پاکستان کو موٹروے اور جدید شاہرائیں دی ہیں، ہم بنوں میں ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں، انتخابات میں کے پی کے کے عوام کو جال میں پھنسانے کیلئے خواب دیکھائے گئے، تحریک انصاف دو سال دھاندلی کا رونا روتی ہے، دھرنے کرتی رہی، سپریم کورٹ کا فیصلہ دھاندلی کا الزام لگانے والوں کے منہ پر طمانچہ تھا، آج بھی بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو ایک منٹ نہیں رکوں گا اور گھر چلا جاؤں گا، آپ کے کہنے پر گھر چلا جاؤں، یہ منہ اور مسور کی دال، ہم عوام کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ان گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم نے ایک مرتبہ پھر الزامات کا فیصلہ سپریم کورٹ پر چھوڑ دیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے لکی مروت میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ہم عوام کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ان گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، کے پی کے میں حکومت نہ ہونے کے باوجود یہاں خدمت کرنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے یہاں اچھے اثرات مرتب ہونے والے ہیں، پاکستان سے لوڈشیڈنگ 2018 میں مکمل ختم ہو جائے گی، ملک میں جلد وافر اور اور سستی بجلی میسر ہو گی، ملک میں صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سنہرے خواب دیکھا کر خیبرپختونخوا کے لوگوں کو جال میں پھنسایا گیا ہے، جب اس صوبے میں ہماری حکومتی تھی تو بے شمار سڑکیں بنائیں، یہ لوگ دھاندلی کا رونا روتے ہیں، سپریم کورٹ نے کہا کہ کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، نیا پاکستان بنانے والوں سن لو! دیکھوں تم کیا کر رہے ہو اور ہم کیا کر رہے ہیں، عوام کی خدمت کو ہم نے عمل سے ثابت کیا ہے، باران ڈیم کی توسیع کا بھی اعلان کرتا ہوں، صرف بنیادی ڈھانچے کی بات نہیں کی بلکہ عوامی بہبود کے منصوبوں پر بھی کام کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے بنوں میں بین الاقوامی ایئرپورٹ بنانے اور ضلع کونسل بنوں اور تحصیل کونسلوں کیلئے 20کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف نے بنوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعظم نے بنوں کی پانچ یونین کونسلز کو گیس کی فراہمی کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا، ان یونین کونسلز میں بازار احمد خان،ہنجیال خیل،فاطمہ خیل، امانڈی اور وسکاری یونین کونسل شامل ہیں، گیس فراہمی کے منصوبے پر 25کروڑ 95لاکھ روپے لاگت آئے گی، یونین کونسلز کو گیس کی فراہمی کا منصوبہ ایک سال میں مکمل ہو گا،96کلو میٹر طویل گیس پائپ لائن سے 60ہزار آبادی کو فائدہ ہو گا، گیس کی فراہمی کیلئے 6 انچ قطر کی پائپ لائن بچھائی جائے گی،وزیراعظم نواز شریف نے بنوں میں چار بڑی شاہراؤں کا بھی افتتاح کیا۔

دومیل سے پیررنگین آباد تک دو رویہ، کوہاٹ سے سرائے گمبیلا تک دو رویہ، گنڈی چوک سے سرائے نورنگ تک دو رویہ اور سرائے گمبیلا سے ڈی آئی خان تک دو رویہ سڑک کاافتتاح کیا گیاہے۔

متعلقہ عنوان :